ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ منعقد کی

کپواڑہ//ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر کپواڑہ آیوشی سوڈن نے ڈی سی آفس کمپلیکس کے میٹنگ ہال میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ کا مقصد آئندہ اسمبلی اِنتخابات۔ 2024 کے پیش نظر اِنتخابی ضابطہ اخلاق اور الیکشن کمیشن آف انڈیا کے دیگر قابل اطلاق رہنما خطوط میں بیان کردہ اعلیٰ ترین اخلاقی معیارات پر عمل کرنے کی اہمیت کو اُجاگر کرنا تھا۔اِس موقعہ پر ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے خطاب کرتے ہوئے اِنتخابی ضابطہ اخلاق (ایم سی سی) پر سختی سے عمل آوری کرنے پر زور دیا اور تمام سیاسی جماعتوں سے کہاکہ وہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔اُنہوں نے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچنے کے لئے آن لائن طریقہ کار کے ذریعے اِنتخابی مہم اور ریلیوں کے لئے پیشگی اجازت حاصل کریں۔اِس موقعہ پر این ایل ایم ٹی (نیشنل لیول ماسٹر ٹرینر) سمیر جان نے ایم سی سی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔دریں اثناء،اِس موقعہ پر موجود نمائندوں نے گزشتہ لوک سبھا اِنتخابات کے انعقاد بالخصوص سیاسی جماعتوں کو بروقت اجازت جاری کرنے میں بہتر تعاون کے لئے ضلعی اِنتظامیہ کی کوششوں کی ستائش کی۔