ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر رام بن نے اَسمبلی اِنتخابات کے پُر اَمن اِنعقاد کیلئے اِنتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا

رام بن//ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر رام بن بصیر الحق چودھری نے اسمبلی اِنتخابات۔ 2024کے لئے ضلع کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔میٹنگ میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف اِنتخابی عمل کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔میٹنگ میں سینئر سپراِنٹنڈنٹ آف پولیس کلبیر سنگھ ، ایڈیشنل ڈِپٹی کمشنر ورون جیت سنگھ، اے سی۔ 54 رام بن (اے سی آر) کے ریٹرننگ آفیسر ایس ہرپال سنگھ، اے سی۔ 55 بانہال کے آر او رضوان اصغر، (ایس ڈی ایم) رامسو گھنشام بسوترا، ڈپٹی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر عبدالجبار، اے آر اوز،نوڈل افسران اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ دوران میٹنگ ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے سیاسی جماعتوں اور آزاد اُمیدواروں سمیت تمام اُمیدواروں کے لئے یکساں مواقع کو یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمیشن آف اِنڈیا کی طرف سے جاری کردہ اَصولوں اور رہنما خطوط پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے جاری اِنتخابی تیاریوں کے دوران مختلف محکموں اور اَفسروں کے کردار اور ذمہ داریوں کا بھی خاکہ پیش کیا اور مؤثر مواصلات کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے مواصلات،سیکورٹی، ٹرانسپورٹیشن، ٹریننگ، پولنگ سٹیشنوں اور اِنتخابی عمل کے دیگر اہم اجزأ سے متعلق اِنتظامات کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے انتخابی مدت کے دوران ضلع بھر میں انتخابی ضابطہ اخلاق (ایم سی سی) پر سختی سے عمل درآمد کے لئے ہدایات جاری کیں۔ اُنہوں نے افسران کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ اِنتخابی سرگرمیوں کے باوجود ضروری خدمات اور رَسد بلاتعطل برقرار رکھنے کو یقینی بنائیں۔ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے تمام سرویلنس ٹیموں اور فلائنگ سکاڈز کو ہدایت دی کہ وہ ضلع بھر میں اِنتخابات کے دوران غیر اخلاقی اور غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لئے رہنما خطوط کے مطابق چوکس نگرانی کو یقینی بنائیں۔ایس ایس پی کلبیر سنگھ نے اِنتخابات کے دوران سیکورٹی اور امن و امان کی صورتحال سے متعلق مختلف نکات پر تبادلہ خیال کیا۔ اُنہوں نے ضلع بھر میں اِنتخابات کے پُرامن اور احسن اِنعقاد کو یقینی بنانے کے لئے افسران اور مختلف محکموں کی سطح کے درمیان مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔