راجوری//ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر راجوری ابھیشیک شرما نے آئندہ اسمبلی انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم اُٹھاتے ہوئے آج مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں اِنتخابی ضابطہ اخلاق (ایم سی سی) اور الیکشن کمیشن آف اِنڈیا (اِی سی آئی) سے قائم کردہ دیگر رہنما خطوط کے مطابق اعلیٰ ترین اخلاقی معیارات کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دوران میٹنگ ایم سی سی کی شقوں کی تعمیل، میڈیا اِشتہارات کے لئے اجازت حاصل کرنے کا عمل، اِنتخابی مہم لاجسٹکس اور الیکشن کمیشن کی شرائط کے مطابق اُمیدواروں کے بینک اکائونٹس کو بروقت شروع کرنے سمیت اہم امور پر اہم بات چیت کی گئی۔ڈِسٹر کٹ الیکشن آفیسر ابھیشیک شرما نے تمام سیاسی شراکت داروں کی اِجتماعی ذمہ داری پر زور دیا کہ وہ پورے اِنتخابی عمل کے دوران سا لمیت اور شفافیت کو برقرار رکھیں۔ اُنہوں نے ملک کی جمہوری اَقدار کو برقرار رکھنے میں سیاسی جماعتوں کے کلیدی کردار کا اعادہ کرتے ہوئے ان سے مکمل تعاون اور الیکشن کمیشن کی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے پر زور دیا۔ اُنہوں نے آئندہ اسمبلی اِنتخابات کے لئے سازگار ماحول کو یقینی بنانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے تعاون پر اعتماد کا اِظہار کیا۔میٹنگ میں اے ڈِی ڈِی سی راجوری راج کمار تھاپا ، ڈی آئی او این آئی سی مظفر میر ، ڈپٹی ڈِی اِی او شکیل ملک اور مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے سمیت کئی معزز اَفسران نے شرکت کی۔










