انتظامیہ موسمِ سرما کے لیے مکمل تیار، سیاحت کو فروغ دینے کے لیے جامع اقدامات
سرینگر/وی او آئی//ڈویژنل کمشنر کشمیر انشل گرگ نے ہفتہ کے روز لالچوک سرینگر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیاحوں کو موسمِ سرما میں وادی کشمیر آنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ مکمل طور پر تیار ہے تاکہ عوامی خدمات میں کوئی خلل نہ آئے اور موسمِ سرما کی سیاحت کو فروغ دیا جا سکے۔انشل گرگ نے کہاکشمیر میں سردیاں کوئی نئی بات نہیں، یہ ہر سال آتی ہیں اور ہر سال انتظامیہ اپنی تیاریوں کو مزید بہتر بناتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چیف سیکریٹری نے موسمِ سرما کی تیاریوں کے حوالے سے واضح ہدایات جاری کی ہیں، اور ڈویڑنل و ضلعی انتظامیہ باقاعدہ فیلڈ دورے کر کے انتظامات کا جائزہ لے رہی ہے۔انہوں نے کہا،کنٹرول رومز سے لے کر برف ہٹانے اور دیگر سہولیات تک، ہر چیز کو منظم اور تفصیلی انداز میں ترتیب دیا گیا ہے۔سیاحت کے امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈویڑنل کمشنر نے کہا کہ حکومت اس موسم میں “ونٹر ٹورزم” کو فعال کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ *”ہم تمام سیاحوں کو کشمیر آنے کی دعوت دیتے ہیں۔ تمام اہم مقامات پر مناسب انتظامات کیے گئے ہیں، اور ہم ہر آنے والے مہمان کا گرمجوشی سے استقبال کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاحوں اور مقامی باشندوں کے لیے سفر کو آسان بنانے کے لیے ہیلپ لائنز اور برف ہٹانے کے نظام کو بھی فعال کر دیا گیا ہے۔










