ڈوڈہ انکاونٹر میں ایک فوجی کپٹن ہلاک ، محاصرہ جاری

اے ڈی جی پی جموں آنند جین نے آپریشن کا جائزہ لینے کے لیے ڈوڈہ میں انکاؤنٹر کے مقام کا دورہ کیا

سرینگر///بدھ کو ڈوڈہ کے اسار جنگلات علاقے میں جنگجوؤں کے ساتھ تصادم میں ایک فوجی اہلکار مارا گیاجبکہ اس کارروائی میں ایک جنگجو کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔ دریں اثنا، اے ڈی جی پی جموں آنند جین نے آپریشن کا جائزہ لینے کے لیے ڈوڈہ میں انکاؤنٹر کے مقام کا دورہ کیا۔وائس آف انڈیا کے مطابق بدھ کو ڈوڈہ کے اسار جنگلات علاقے میں جنگجوؤں کے ساتھ تصادم میں ایک فوجی اہلکار مارا گیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کیپٹن دیپک آپریشن میں مصروف فوجی اہلکاروں کی سربراہ کررہے تھے تاہم ان کا کہنا تھا کہ کیپٹن کو دہشت گردوں کی فائرنگ سے گولی لگنے سے چوٹیں آئیں اور انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔تاہم، ان کا کہنا تھا کہ کپتان شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ اس ضمن میں ایک سینئر افسر نے بتایا،کہ کیپٹن دیپک سامنے سے قیادت کر رہا تھا اور اسکاؤٹس کے پیچھے تیسرا شخص تھا جب تلاشی کارروائی شروع ہوئی تھی،انہوںنے مزید بتایا اس نے کل رات اور آج صبح بھی دہشت گرد گروپ پر فائرنگ کی۔گولیوں کے زخموں کے باوجود وہ جب تک ہوسکے اپنے آدمیوں کو ہدایت کرتا رہا۔ادھر فوجی ذرائع نے بتایا کہ ڈوڈہ ضلع کے پٹنی ٹاپ کے اکار جنگلات میں بدھ کو جاری تصادم میں ایک نامعلوم جنگجو مارا گیا ہے۔مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس پر، فوج کی وائٹ نائٹ کور نے لکھا، “جاری آپریشن میں ایک دہشت گرد کو بے اثر کر دیا گیا ہے۔ایم 4 رائفل کے علاوہ ایک اے کے 47 برآمد ہوئی ہے۔کارروائیوں کے دوران وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان پٹنی ٹاپ کے اکار کے جنگلات میں منگل کی دیر شام انکاؤنٹر شروع ہوا۔دریں اثنا ککر ناگ انکاونٹر میں بھی دو فوجی اہلکار ہلاک ہوئے تھے جبکہ اس کارروائی میں ایک عام شہری بھی ازجان ہوا تھا ۔ ککر ناگ کے وسیع علاقے میں جنگجو مخالف آپریشن جاری ہے اور وہاں ممکنہ طور پر چھپے بیٹھے جنگجووں کی تلاش بڑے پیمانے پر بدھ کو بھی جاری رہی ۔