سرینگر//جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ڈورو علاقے میں پولیس نے ایک18سالہ نوجوان کی لاش کو برآمد کر لیا ہے ۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے مزیدتحقیقات شروع کی ہے ۔ادھر سرینگر کے کنہ کدل علاقے میں ایک شہری غرق آب ہوا ہے جس کی تلاش جاری ہے ۔کشمیرنیوز سروس کے مطابق جنوبی ضلع اننت ناگ کے ڈورو علاقے میں جمعہ کی دوپہر کو ایک 18 سالہ نوجوان کی لاش بر آمد کی گئی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع اننت ناگ کے ڈورو علاقے کے شاستر گام گاوں میں مقامی لوگوں نے ایک 18 سالہ نوجوان کی لاش دیکھی اور فوری طور اس کے متعلق پولیس کو مطلع کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس اسٹیشن ڈورو کی ایک ٹیم جائے واردات پر پہنچ گئی اور لاش کو قانونی و طبی لوازمات کی ادائیگی کے لئے اپنی تحویل میں لیا۔ لاش کی شناخت انعام الحق ولد جاوید احمد وانی ساکن نٹی پورہ ڈورو کے طور کی گئی ہے۔پولیس نے واقعے کے حوالے سے ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔ ادھرکنہ کدل سری نگر میں شہری غرقآب،تلاش جاریْذرائع سے معلوم ہوا کہ سری نگر کے کنہ کدل علاقے میں جمعہ کو ایک شہری پھسل کر ایک نہر میں غرقآب ہو گیا۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ کنہ کدل میں سندر کول نامی ایک نہر کے کنارے پر ایک شہری، جس کی شناخت ابھی نہیں ہوئی ہے، اپنے جوتے صاف کر رہا تھا کہ وہ پھسل کر غرقآب ہوگیا۔انہوں نے بتایا کہ وہاں موجود لوگوں نے پانی میں کود کر اس کو بچانے کی کوشش کی لیکن تاحال کامیاب نہیں ہوسکے۔آخری اطلاعات ملنے تک شہری کی تلاش جاری تھی تاہم اس حوالے سے کوئی سراغ شام تک نہیں ملا ہے ۔










