سری نگر، 27 جنوری (یو این آئی) مارشل آرٹس کی وساطت سے صحت مند زندگی کے فروغ اور منشیات کے مضر اثرات کے بارے میں جانکاری عام کرنے کے تئیں جموں کشمیر اکیڈمی آف یونیفائیڈ مارشل آرٹس کی طرف سے شہرہ آفاق سیاحتی مقام پہلگام میں بدھ سے چار روزہ سرمائی کیمپ شروع ہوا۔
اس کیمپ، جس کو محکمہ سیاحت، اے ایس سیمنٹس، ڈرگ پلس اور سٹار ہومز کا اشتراک حاصل یے، میں وسطی، شمالی و جنوبی کشمیر سے تعلق رکھنے والے قریب 160 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
بتادیں کہ جے کے اے یو ایم اے ‘ڈرگس آوٹ، سپورٹس ان’ پروگرام کے تحت وادی کشمیر کے مختلف اسکولوں اور کالجوں میں منشیات کے منفی اثرات کے موضوع پر سمیناروں اور مباحثوں کا اہتمام کررہی ہے۔
جے کے اے یو ایم اے کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سال رواں کے اواخر میں ٹانگ ال مو ڈو سمینار بھی منعقد کیا جائے گا۔
سری نگر کے راج باغ علاقے میں واقع ’گندن‘ اسٹیڈیم سے بدھ کے روز وادی کے سینئر صحافی صنم تصدق نے کھلاڑیوں کو ہری جھنڈی دکھا کر مذکورہ سیاحتی مقام کی طرف روانہ کیا۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہمارے نوجوان ایسے اقدام کرکے منشیات کی وبا کو پھیلنے سے روکنے میں اپنا رول ادا کر رہے ہیں۔
موصوف سینئر صحافی نے کہا کہ جے کے اے یو ایم اے کی طرف سے ’ڈرگس آؤٹ، سپورٹس ان‘ جیسے اقدام سے وادی میں منشیات کا قلع قمع ہونا یقینی ہے۔
کیمپ کے ایک منتظم عدنان ایوب نے کہا کہ جے کے اے یو ایم اے کی طرف سے گرمائی و سرمائی کیمپس کے انعقاد کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ نوجوان کیمپنگ کے تجربات سے روشناس ہو جائیں۔
انہوں نے کہا کہ کیمپ کے دوران ہمارے کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کے ساتھ ملنے اور بات چیت کرنے کا موقع فراہم ہوجاتا ہے۔
موصوف نے کہا کہ کیمپوں کے دوران کھلاڑیوں کو نہ صرف مارشل آرٹس کی تربیت دی جاتی ہے بلکہ انہیں منشیات کے متعلق جانکاری بھی فراہم کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مارشل آرٹس کے ذریعے صحت مند زندگی گذارنا اور منشیات کے متعلق جانکاری فراہم کرنا ان کیمپس کا خاص مقصد ہوتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کیمپ اس لئے بھی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس کے بعد ٹونگ ال مو ڈو سمینار منعقد کیا جائے گا جس میں سینئر کھلاڑیوں کو آنے والے قومی سطح کے مقابلوں میں ریفری کے بطور کام کرنے کی تربیت دی جائے گی










