دنیا بھر کی خاتون کرکٹرس نے ڈبلیو پی ایل (وومنس پریمیر لیگ) 2023 کے لیے اپنی کمر کس لی ہے۔ ٹورنامنٹ 4 مارچ سے شروع ہونے والا ہے اور تازہ ترین خبروں کے مطابق ممبئی انڈینز نے اپنی خاتون ٹیم کے کپتان کا نام بھی اعلان کر دیا ہے۔ ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور کو ہی ممبئی انڈینز نے اپنی خاتون ٹیم کا بھی کپتان بنایا ہے اور ان کی ٹیم وومنس پریمیر لیگ کے پہلے سیزن کے پہلے میچ میں 4مارچ کو گجرات جائنٹس سے مد مقابل ہوگی۔واضح رہے کہ ڈبلیو پی ایل کے لیے ہوئی خاتون کرکٹرس کی نیلامی میں ممبئی انڈینز فرنچائزی نے ہرمن پریت کور کو اپنی ٹیم میں شامل کرنے کے لیے 1کروڑ 80 لاکھ روپے خرچ کیے ہیں۔ ہرمن کے ٹی-20ریکارڈ کو دیکھا جائے تو وہ موجودہ وقت میں ہندوستانی خاتون ٹیم کی کپتان ہونے کے ساتھ ہی بے حد اہم کھلاڑی ہیں۔ حال ہی میں ختم ہوئے وومنس ٹی-20 عالمی کپ کے دوران ہرمن پریت کور نے اپنا 150واں بین الاقوامی مقابلہ کھیلا تھا۔
جس کے بعد وہ اس مقام پر پہنچنے والی مرد اور خاتون کرکٹ کی پہلی کھلاڑی بن گئی ہیں۔بہرحال، ہرمن پریت کور کو کپتان بنائے جانے کے موقع پر ممبئی انڈینز فرنچائزی کی مالک نیتا امبانی نے کہا کہ ’’ہمیں ہرمن پریت کو ممبئی انڈینز ٹیم کا کپتان بناتے ہوئے کافی خوشی ہو رہی ہے۔ قومی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے ہرمن نے کئی دلچسپ مقابلوں میں ہندوستانی ٹیم کو جیت دلائی ہے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ شارلوٹ اور جھولن کی حمایت سے ہماری ٹیم بھی میدان پر بہتر کھیل دکھانے میں اہل ہوگی۔‘‘










