نئی دہلی//پرنسپل ریذیڈنٹ کمشنر جموں وکشمیر ڈاکٹر ریشمی سنگھ نے 5۔پرتھوی راج روڈ پر واقع جموںوکشمیر ہائوس نئی دہلی میں 78 ویں یوم آزادی کے موقعہ پر قومی پرچم لہرایا اور اِس کے بعد قومی ترانہ گایا گیا۔اِس موقعہ پر جموںوکشمیر آرمڈ پولیس کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیااوررنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا گیا ۔منعقدہ تقریب میں ہم آہنگی کے جذبے ، مجاہدین آزادی کی بہادری اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے ویژن کی تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔تقریب میں نئی دہلی میں تعینات جموں وکشمیر کے تمام اَفسروں اور ملازمین نے شرکت کی۔ ڈاکٹر ریشمی سنگھ نے اَفسروں اور ملازمین کے ساتھ گفتگو کی اور تمام شرکأ کو خصوصی تحائف اور توصیفی اَسناد سے نوازا ۔بعد میں ڈاکٹر ریشمی سنگھ نے 5۔پرتھوی راج روڈ، نئی دہلی میں آیوش ویلنس سینٹر کا اِفتتاح کیا۔










