ڈاکٹر اَصغر سامون نے ہنرمند علم فراہم کرنے پر زور دیا

ڈاکٹر اَصغر سامون نے ہنرمند علم فراہم کرنے پر زور دیا

بڈگام//پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ جموںوکشمیر ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے بڈگام کے کائٹ کیمپس رنگریٹ میں اِنڈسٹریل ٹریننگ اِنسٹی چیوٹ ( آئی ٹی آئی ) کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر اَصغر سامون نے کہا کہ والدین بچوں کی تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں اور قابل عمل علم کی فراہمی پر توجہ دیں ۔اُنہوں نے کہا کہ آئی ٹی آئی کے 300کورسز دستیاب ہیں اور نوجوانوں کو ہنر مند کورسوں کا اِنتخاب کرنے کی صلاح دی جانی چاہیئے ۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے کہا کہ مختلف کورسوں کے تحت زائد اَز 300لڑکیوں کو پی ایم ایس ایس ایس اور سکیموں کے تحت مختلف سکالر شپ ملے ہیں جبکہ اِس برس ہدف مقرر کیا گیا ہے کہ جموںوکشمیر کے 1500 طالب علموں کو اَپنی اعلیٰ تعلیم کے لئے سکالر شپ حاصل کرنی چاہیئے۔اُنہوں نے طلباء کو ہنرمندانہ معلومات فراہم کرنے اور نوجوانوں پر زوردیا کہ وہ الیکٹریشن ، آٹو موبائل ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ ، سولر ٹیکنالوجی اور دیگر کورسوں سمیت مختلف کورسز کا اِنتخاب کریں۔اُنہوں نے کہا کہ آئی ٹی آئی اور پولی تکنیک طلباء کو اَپنی زندگی میں خوشحالی کے وسیع مواقع فراہم کرتے ہیں ۔اُنہوں نے صنعتی شراکت داری اور پلیس منٹ سیلز کے قیام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام ہنرمندوں کوپلیٹ فارم کے تحت لانے کی کوششیں جاری ہیں اور اُنہوں نے کہاکہ حکومت چار لاکھ نوجوانوں کو مختلف آئی ٹی آئی اور پولی تکنیک کورسز کے تحت تربیت دے رہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ سکولوں میں 1000 لیبارٹریاں کھولی ہیں اور جموںوکشمیر یوٹی کے تمام کالجوں میں سکل کورس شروع کرنے پر زور دیا جارہا ہے۔اِس سے قبل پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے چیئرمین کائٹ محمد شفیع قریشی اور دیگر سینئر فیکلٹی ممبران کے ہمراہ کالج کے مختلف بلاکوں کا معائینہ کیا۔اُنہوں نے عملے کے ساتھ بات چیت کی اور اسے طلباء کے لئے سیکھنے کا بہترین مقام بنانے پر زوردیا۔