پلوامہ//پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے ضلع پلوامہ کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں اُنہوںنے آئی ٹی آئیز پانپور، پلوامہ اور پولی تکنیک کالج پانپو ر کا معائینہ کیا۔ اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چودھری اور دیگر متعلقہ اَفسران موجود تھے۔دورے کے دوران پرنسپل سیکرٹری نے وہاںفارغ التحصیل اور تربیت یافتوں سے خطاب کیا۔اُنہوں نے صلاحیت اور اہلیت کی موجودہ دنیا میں سکل ڈیولپمنٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے نئے قلیل مدتی جاب پر مبنی کورسوں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ بے روزگار نوجوانوں کو جموںوکشمیر یوٹی میں روزگار کے مواقع مل سکے۔اُنہوں نے سیلف ہیلپ گروپوں کی حوصلہ اَفزائی کرنے کی ہدایت دی اور ضلعی اِنتظامیہ سے کہا کہ وہ اِس سلسلے میں ضروری تعاون فراہم کریں۔ اُنہوں نے فارغ التحصیل آئی ٹی آئی طلباء سے ان کی تقرری کے بارے میں دریافت کیا او رخواتین فارغ التحصیل طلباء سے کہا کہ وہ تعلیمی لحاظ سے پسماندہ دُور دراز علاقوں میں رضاکارانہ طورپر کام کرنے کے علاوہ وہاں کے نوجوانوں کو کٹائی اور سلائی کی تربیت فراہم کریں۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ان فارغ التحصیل طلباء کویوتھ مشن کے ساتھ رجسٹرڈ کرائیںتاکہ وہ اَپنے علاقوں میں اَپنی خدمات اَنجام دے سکیں۔اُنہوں نے بے روزگار نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور مختلف ٹریڈوں میں نئے متعارف کرائے گئے قلیل مدتی کورسوں سے فائدہ اُٹھائیں اور اَپنے آپ کو جدید ہنروں سے آراستہ کریں ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ نجی شعبے بھی ہنر مند اَفرادی قوت کو ترجیح دیتے ہیں۔










