نئی دلّی//روپے کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر گراوٹ دیکھی گئی اوریہ گراوٹ ہندوستان اور ہندوستانی کارباریوں کے لئے اچھی خبر نہیں ہے۔روپے کی گراوٹ سے وہ کاروباری بہت زیادہ متاثر ہوتے ہیں جن کو ادائیگی ڈالر میں کرنی ہوتی ہے۔دنیا کی بڑی کرنسی کے مقابلے ڈالر کی مضبوطی کے ساتھ درآمد کنندگان اور بینکاروں کی جانب سے خریداری کے دباؤ میں انٹر بینکنگ کرنسی مارکیٹ میں آج روپے 22 پیسے کمزور ہوکر 74.06 فی ڈالر پر آگیا۔گزشتہ کاروباری دن روپے 15 پیسے گر کر 73.83 فی ڈالر پر آگیا تھا۔شروعاتی کاروبار میں روپے 73.79 روپے فی ڈالر کے اوپر کھلا اور سیشن کے دوران خریداری کے دباؤ میں 74.12 روپے فی ڈالر کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا۔ تاہم فروخت کے باعث یہ 73.73 روپے فی ڈالر کی بلند ترین سطح پر بھی رہا۔ آخر میں یہ 22 پیسے کم ہوکر 74.06 روپے فی ڈالر پر آگیا جبکہ گزشتہ روز یہ 73.83 روپے فی ڈالر تھا۔










