پہلگام//ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے پہلگام کے سیاحت کے اسٹیک ہولڈرز کیلئے صلاحیت سازی کے ایک پروگرام کا آغاز کیا ۔ اس پروگرام کا اہتمام محکمہ سیاحت اور کشمیر یونیورسٹی نے مرکزی وزارت سیاحت کے اشتراک سے مشترکہ طور پر کیا تھا ۔ یہ شعبہ کی طرف سے کی جانے والی صلاحیتوں کی تعمیر کے پروگراموں کی سیریز کا تیسرا پروگرام ہے ۔ اس سے قبل محکمہ کی طرف سے شکارہ والوں اور ٹورسٹ گائیڈز کیلئے سرینگر اور گلمرگ میں چار روزہ صلاحیت سازی کا پروگرام منعقد کیا گیا تھا ۔ ان پروگراموں کا مقصد اسٹیک ہولڈرز کو وبائی امراض کے بعد کے ماحول میں اپنا کاروبار کرتے ہوئے کووڈ 19 کے مناسب پروٹوکول کے نفاذ پر رہنمائی کرنا ہے ۔ اپنے افتتاحی کلمات میں ڈائریکٹر ٹورازم نے کہا کہ ان پروگراموں کا انعقاد اس مقصد کے ساتھ کیا جا رہا ہے کہ سیاحت کے مختلف اسٹیک ہولڈرز کو کووڈ 19 پروٹوکول کے بارے میں آگاہ کیا جائے اور وہ اپنی کاروباری سرگرمیاں انجام دیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس کیپسٹی بلڈنگ پروگرام کے ذریعے سیاحت کے شعبے سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو تربیت فراہم کی جائے گی تا کہ کشمیر آنے والے سیاح یہاں آ کر خود کو محفوظ محسوس کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں کے ساتھ انٹر فیس رکھنے والے تمام اسٹیک ہولڈرز کو کووڈ 19 پروٹوکولز اور ایس او پیز پر اس صلاحیت سازی پروگرام کے ذریعے تربیت دی جائے گی ۔ صدر ٹورسٹ گائیڈز فیڈریشن آف انڈیا ڈاکٹر اجے سنگھ اور متعلقہ شعبوں کے ماہرین نے شرکاء کو کووڈ وبائی امراض اور پچھلے دو سالوں کی معاشی سست روی کے تناظر میں تجارت میں تازہ ترین طریقوں اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہ کیا ۔










