ڈائریکٹر جنرل اَمورِ نوجوان و کھیل کود نے ووشو 68ویں نیشنل سکول گیمز کا اِفتتاح کیا

کھلاڑیوںاور آفیشلوں کو ایک معیار قائم کرنے کا مشورہ

جموں//ڈائریکٹر جنرل اَمورنوجوان و کھیل کود جموں و کشمیر راجندر سنگھ تارا نے اِنڈور کمپلیکس بھگوتی نگر میں ایک شاندارتقریب میں ووشو اَنڈر 17 بوائز اینڈ گرلز میں 68 ویں نیشنل سکول گیمز کا اِفتتاح کیا۔یہ ایونٹ جوڈو، فینسنگ، ووشو اور فٹ بال کے شعبوں میں نیشنل سکول گیمز کی ایک ماہ تک جاری رہنے والی سیریز کا حصہ ہے۔پروگرام کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جس کے بعد ڈائریکٹر جنرل اَمورِ نوجوان و کھیل کودنے جوائنٹ ڈائریکٹر اَمورِ نوجوان و کھیل جموں وید پرکاش ، ڈپٹی ڈائریکٹر یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس سینٹرل جتیندر مشرا، ہندوستان کے چیف ووشو کوچ اور دروناچاریہ ایوارڈ یافتہ کلدیپ ہانڈو، ضلع یوتھ سروسز اور سپورٹس افسران اور مختلف کمیٹیوں کے کنوینر سکھدیو راج شرما، جعفر حسین اور ہرویندر کور کے ساتھ رسمی چراغ روشن کیا۔ایتھلیٹس ور آفیشلز کے مارچ پاسٹ کے علاوہ ووشو کے مظاہروں نے پروگرام کوچار چاند لگادیا۔ اِس کے بعد راجندر سنگھ تارا نے تقریب کا باقاعدہ اِفتتاح کیا جن کے ساتھ وید پرکاش، جتیندر مشرا اور کلدیپ ہنڈو بھی میدان میں موجود تھے۔اِس ایونٹ میں آسام، آندھرا پردیش، اوڑیسہ ،اروناچل پردیش، بہار، چندیگر، سی بی ایس ای ڈبلیو ایس او، دہلی، گجرات، جھارکھنڈ، جموں و کشمیر، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، منی پور، پنجاب، راجستھان، تامل ناڈو، تلنگانہ، اُتر پردیش، ودھیا بھارتی اور مغربی بنگال سمیت 21 ریاستوں اوریوٹیز کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔دریں اثنا،اِس موقعہ پر راجندر سنگھ تارا نے خطاب کرتے ہوئے شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ وہ کھیلوں کے تقدس اور جذبے کو برقرار رکھیں، اعلیٰ اعزازات کو حاصل کرنے کے لئے اَپنی پوری کوشش کریں اور اِس طرح ایک معیار قائم کریں۔اِس موقعہ پروید پرکاش نے مہمان خصوصی اور شرکت کرنے والے دستوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس تاریخی سیریز کے شاندار انعقاد کے لئے پوری آرگنائزنگ ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔اِس موقعہ پر جموں و کشمیر کے واحد دروناچاریہ ایوارڈ یافتہ کلدیپ ہنڈو اور مشہور ووشو پلیئر سوریہ بھانو پرتاپ سنگھ کو کھیلوں کے میدان میں ان کی شاندار خدمات کے لئے منتظمین نے اعزاز سے نوازا۔بعد میں جوائنٹ ڈائریکٹر یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس جموں نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے منیجروں اور کوچوں کے میٹنگ کی صدارت کی۔ آج ویٹ ان اور ڈرا آف لاٹس کا انعقاد کیا گیا اور مقابلے کل اسی مقام پر شروع ہوں گے۔