سری نگر//مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ نے بدھ کے روز دنیا کے کچھ حصوں میں کیسوں میں اچانک اضافے کے پیش نظر ملک میں کوویڈ 19 کی صورتحال کا جائزہ لیا اور حکام کو چوکس رہنے اور نگرانی کو مضبوط بنانے کی ہدایت دی۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ کچھ ممالک میں کووڈ19 کے بڑھتے ہوئے کیسوں کے پیش نظر، ماہرین اور حکام کے ساتھ بدھ کو صورتحال کا جائزہ لیا۔انہوںنے کہاکہ کوویڈ19 ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔مرکزی وزیر صحت نے لکھاکہ میں نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور نگرانی کو مضبوط بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ہم کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔صحت کے سکریٹریریوں، محکمہ فارماسیوٹیکل، شعبہ بائیو ٹیکنالوجی، آیوش، انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے ڈائریکٹر جنرل راجیو بہل، نیتی آیوگ کے رکن (صحت) ڈاکٹر وی کے پال اور قومی ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ آن امیونائزیشن (NTAGI) کے چیئرمین ڈاکٹر این کے اروڑہ نے دیگر عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ میں شرکت کی۔مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی سے اپیل کی کہ اگر کوویڈ پروٹوکول پر عمل نہیں کیا جاسکتا ہے تو یاترا کو معطل کرنے پر غور کریں۔جاپان، ریاستہائے متحدہ امریکہ، جمہوریہ کوریا، برازیل اور چین میں کیسوں میں اضافے کے پیش نظر مرکزی وزارت صحت نے منگل کے روز تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں پر زور دیا کہ وہ باخبر رہنے کیلئے کووِڈ کے مثبت نمونوں کی جینوم کی ترتیب کو بڑھا دیں۔ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو لکھے ایک خط میں، مرکزی صحت کے سکریٹری راجیش بھوشن نے کہا تھا کہ اس طرح کی مشق ملک میں گردش کرنے والی نئی قسموں کا بروقت پتہ لگانے کے قابل بنائے گی اور صحت عامہ کے مطلوبہ اقدامات کو شروع کرنے میں سہولت فراہم کرے گی۔مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ کی جائزہ میٹنگ کے بعد، نیتی آیوگ کے رکن ڈاکٹر وی کے پال نے تمام ہندوستانیوں سے ویکسین کی احتیاطی خوراک لینے کی اپیل کی اور کہا کہ بھیڑ والی جگہوں پر ماسک کا استعمال کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں صرف 27سے28 فیصد لوگوں نے احتیاطی خوراک لی ہے۔ ڈاکٹر وی کے پال نے کہاکہ ہم دوسروں سے، خاص طور پر بزرگ شہریوں سے احتیاطی خوراک لینے کی اپیل کرتے ہیں۔ احتیاطی خوراک لازمی ہے اور ہر ایک کے لیے رہنمائی کی جاتی ہے۔ڈاکٹر وی کے پال نے وزیر صحت کی صدارت میں ہونے والی میٹنگ کے بعدلوگوں سے کہا کہ اگر آپ پرہجوم والی جگہ، گھر کے اندر یا باہر ہیں تو ماسک کا استعمال کریں۔ یہ ان لوگوں کے لیے زیادہ اہم ہے جن کی عمر کم ہو یا زیادہ ہو۔ہوا بازی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ابھی تک کوئی تبدیلی کا حکم نہیں دیا گیا ہے۔










