انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے انعامی رقم کا اعلان کر دیا ہے۔ 2017کے بعد پہلی بار منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے فاتح کو 19.45کروڑ روپے دیے جائیں گے، جبکہ رنر اپ یعنی فائنل میں ہار جانے والی ٹیم کو 9.72 کروڑ روپے ملیں گے۔ اس کے علاوہ، سیمی فائنل میں شکست کھانے والی دونوں ٹیموں کو 4.86کروڑ روپے دیے جائیں گے۔ 2017کے مقابلے میں اس بار انعامی رقم میں 53 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
گروپ مرحلے کے ہر میچ میں جیتنے والی ٹیم کو 29.54 لاکھ روپے دیے جائیں گے، جبکہ پانچویں اور چھٹے نمبر پر رہنے والی ٹیموں کو 3.03 کروڑ روپے دیے جائیں گے۔ ساتویں اور آٹھویں نمبر کی ٹیموں کو 1.21 کروڑ روپے ملیں گے۔ اس کے علاوہ، چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کرنے والی تمام آٹھ ٹیموں کو 1.08کروڑ روپے اضافی دیے جائیں گے۔
1996کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان کسی آئی سی سی ٹورنامنٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں آٹھ ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں ہر گروپ سے دو بہترین ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔
چیمپئنز ٹرافی ہر چار سال بعد منعقد ہونے والا ایک اہم ٹورنامنٹ ہے، جس میں دنیا کی آٹھ بہترین ٹیمیں شرکت کرتی ہیں۔ خواتین چیمپئنز ٹرافی پہلی بار 2027میں ٹی 20فارمیٹ میں منعقد کی جائے گی۔ آئی سی سی کے صدر جے شاہ نے کہا، ’’چیمپئنز ٹرافی 2025 ون ڈے کرکٹ کی اعلیٰ مہارت کو اجاگر کرے گی اور ہر میچ انتہائی اہم ہوگا۔ آئی سی سی کا یہ اقدام کرکٹ میں سرمایہ کاری اور اس کی عالمی ساکھ کو برقرار رکھنے کے عزم کا عکاس ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹورنامنٹ نہ صرف سخت مقابلے کی فضا پیدا کرے گا بلکہ دنیا بھر کے شائقین کو اپنی طرف متوجہ کرے گا اور کرکٹ کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔










