چیمپئنز ٹرافی :2025آئی سی سی وفد کا نیشنل بینک اسٹیڈیم کا دورہ

چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے 6 رکنی وفد نے نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈان نیوز کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے 6 رکنی وفد میں براڈکاسٹرز اور ایونٹ مینجمنٹ اور کرکٹ آپریشنز کے اراکین شامل تھے۔
اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ نے وفد کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی سی سی کے وفد نے تعمیر ہونے والی نئی عمارت کا تفصیلی جائزہ لیا اور ترقیاتی کام بھی دیکھا۔
ذرائع کے مطابق وفد نے اب تک ہونے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، دورے کے دوران آئی سی سی نے ٹیموں کے ہوٹل کا بھی دورہ کیا اور انتظامات کا بغور جائزہ لیا۔
یاد رہے کہ میگا ایونٹ کا پہلا میچ میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔
پس منظر
یہ بات قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی کو چیمپینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان قانونی طور پر 21 نومبر سے پہلے کرنا تھا، 20 نومبر کو ڈان نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ آئی سی سی کے لیے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے پاک-بھارت تنازع درد سر بن گیا ہے اور آئی سی سی کا ہنگامی اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) اپنی حکومت کی جانب سے دورہ پاکستان کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان آمد سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی تجویز پیش کرچکا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نیوٹرل وینیو پر کھیلنے سے انکاری اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کرانے پر مُصر ہے۔