چیف سیکرٹر ی نے سینک سکول مانسبل کی ایگزیکٹیو کمیٹی میٹنگ کی صدارت کی

چیف سیکرٹر ی نے سینک سکول مانسبل کی ایگزیکٹیو کمیٹی میٹنگ کی صدارت کی

سری نگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے سینک سکول مانسبل کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اس باوقار سکول کی کارکردگی کو بہتر بنائیں جس کا مقصد اَپنے طلبأ کو این ڈی اے ، سول سروسز اور ملک بھر میں منعقد ہونے والے دیگر معروف مقابلوں کے لئے اعلیٰ درجے کے اِمتحانات کے لئے تیار کرنا ہے۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہار آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں سکول کی 38ویں ایگزیکٹیو کمیٹی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری سکولی تعلیم کے علاوہ پرنسپل سیکرٹری فائنانس ، سیکرٹری منصوبہ بندی، ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل، پرنسپل سینک سکول مانسبل اور سینک سکول سوسائٹی کے نمائندے اور دیگر متعلقین نے بھی شرکت کی۔ اِس موقعہ پراَتل ڈولو نے سکول اِنتظامیہ پر زور دیا کہ وہ تدریس میں معیار لائیں تاکہ ریاضی کے مضمون میں طلبأ کی دلچسپی کو بہتر بنایا جاسکے۔اُنہوں میٹرک کا امتحان پاس کرنے والے زیادہ تر طلبأ کو اعلیٰ کلاسوں کے لئے برقرار رکھنے اور انہیں زندگی کے بڑے چیلنجوں بالخصوص ملک کی دفاعی خدمات میں شمولیت کے لئے تیار کرنے کی حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے وہاں دستیاب بنیادی ڈھانچے کی سہولیات اور تدریسی فیکلٹی کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے سکول اِنتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اَساتذہ کی ترقی کو طلبأ کے مجموعی نتائج سے مواخذہ کریں۔کمیٹی نے بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈ کرنے کی بھی منظوری دی اور محکمہ سکولی تعلیم کو ہدایت دی کہ وہ سکول کی فوری تدریسی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کچھ اِنسانی وسائل فراہم کرے۔ہوسٹل کے بنیادی ڈھانچے اور دیگر متعلقہ سہولیات کے علاوہ میس کے معیار میں مزید بہتری لانے کا بھی عزم کیا گیا۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ یہ سکول وادی میں اپنی نوعیت کا پہلا رہائشی سکول ہے جو 1981 ء میں قائم کیا گیا تھا۔ یہ بتایا گیا تھا کہ اس میں 480 طلبأ کی گنجائش ہے اور اس سال چھٹی جماعت کے داخلہ ٹیسٹ میں 1,005 طلباء شریک ہوئے تھے جن میں سے 68 طلبأ کا اِنتخاب کیا گیا۔میٹنگ میں دسویں اور بارہویں جماعت کے گزشتہ دس برسوںکے بورڈ نتائج کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس سکول سے فارغ التحصیل ہونے والے 2,756 طلبأ میں سے 550 ڈاکٹر بن چکے ہیں، 305 انجینئر، 18 پروفیسر، 24 ایڈمنسٹریٹیوسروسز میں شامل ہوئے ہیں، 25 ایڈوکیٹ، 21 بینکنگ سیکٹر میں ہیں اور 72 اپنے کیریئر کی توسیع کے لئے ملک سے باہر چلے گئے ہیں۔