جموں// چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری کے مختلف سرکاری محکموں میں خالی اَسامیوں کی صورتحال اور جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن (جے کے پی ایس سی) اور جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) کے ذریعے جاری بھرتی عمل کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔میٹنگ میں متعلقہ اِنتظامی سیکرٹریوں، چیئرپرسن جے کے ایس ایس بی، سیکرٹری جے کے پی ایس سی اور مختلف محکموں کے دیگر متعلقہ نمائندوں نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے پیش رفت کاجائز ہ لیتے حکمرانی کو مضبوط بنانے اور عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے اہم خالی اَسامیوں کو جلد از جلد پُر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے تمام اَنتظامی سیکرٹریوںکو ہدایت دی کہ وہ اَپنے محکموں اور ریکروٹمنٹ ایجنسیوں کے ساتھ باقاعدگی سے فالو اَپ میٹنگیں منعقد کریں تاکہ زیر اِلتوأ مسائل کو حل کیا جا سکے اورخالی اسامیوں کو جلد سے جلد پُر کیا جائے۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ جاری بھرتی مہمات کے لئے مقرر کردہ ٹائم لائنز پر سختی سے عمل کیا جانا چاہیے اور ہدایت دی کہ بھرتی ایجنسیوں کو موصول ہونے والی تمام اَسامیوں کو بغیر کسی تاخیر کے مشتہر کیا جائے۔اَتل ڈولونے مزید مشورہ دیا کہ ریکروٹنگ ایجنسیاں امتحانات کا کیلنڈر بھی بیک وقت تیار کرکے شائع کریں تاکہ اُمیدواروں کو اِمتحانات کے شیڈول کے بارے میں واضح معلومات حاصل ہوں اور انہیں تیاری کے لئے مناسب وقت مل سکے۔اُنہوں نے جائزہ کے دوران جے کے پی ایس سی اور جے کے ایس ایس بی میں بعض بھرتیوں کو متاثر کرنے والی رُکاوٹوں کا بھی نوٹس لیا۔ اُنہوں نے ہر معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ ضروری وضاحتیں جاری کریں اور طریقۂ کار سے متعلق رُکاوٹوں کو فوری طور پر دُور کریں تاکہ بھرتی کے عمل میں تاخیر نہ ہو۔چیف سیکرٹری نے اِس بات کا مشاہدہ کرتے ہوئے کہا کہ طویل بھرتی عمل اکثر ملازمت کے خواہشمند امیدواروں کے لئے غیر یقینی صورتحال پیدا کرتا ہے۔ اِس لئے اُنہوں نے مقررہ مدت کے اندر بھرتی مکمل کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ واضح اور باقاعدہ بھرتی نظام اُمیدواروں کو اپنے مستقبل کی بہتر منصوبہ بندی میں مدد دے گا اور ان میں پائی جانے والی بے چینی کو کم کرے گا۔دورانِ میٹنگ کمشنر سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (جی اے ڈِی) ایم راجو نے سرکاری محکموں میں خالی اَسامیوں کا ایک جامع جائزہ پیش کیا۔ اعداد و شمار کے مطابق مختلف محکموں میں اس وقت کل 40,661 اسامیوں خالی ہیں جن میں 3,808 گزیٹیڈ ، 24,507 نان گزیٹیڈ اور 12,351 ملٹی ٹاسکنگ سٹاف (ایم ٹی ایس) کی اَسامیوں شامل ہیں۔اہم محکموں میں محکمہ صحت و طبی تعلیم میں سب سے زیادہ خالی اَسامیوں ہیں جن میں 2,497 گزیٹیڈ ، 8,088 نان گزیٹیڈ اور 2,712 ایم ٹی ایس کی اَسامیاں شامل ہیں۔ اِس کے علاوہ زرعی پیداوار، محکمہ بجلی، محکمہ خزانہ، محکمہ مال، محکمہ جنگلات، پبلک ورکس (آر اینڈ بی) اوراَمورِ نوجوان و کھیل کود جیسے محکموں میں بھی بڑی تعداد میں اَسامیوں خالی ہیں۔چیئر پرسن ایس ایس بی وِکاس کنڈل نے جے کے ایس ایس بی کی جانب سے نان گزیٹیڈ اورایم ٹی ایس اَسامیوں کے لئے جاری بھرتی عمل کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا کہ 2019ء سے اَب تک بورڈ کو 46,744 اَسامیاں موصول ہوئیں جن میں سے 9,260 واپس لے لی گئیں جبکہ 37,484 اَسامیوں بھرتی کے لئے باقی رہ گئیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ بورڈ اَب تک 32,956 اَسامیوں کے لئے سلیکشن مکمل کر چکا ہے جس میں اس مدت سے متعلق 27,449 انتخاب بھی شامل ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس وقت 10,035 اَسامیاں مختلف مراحل میں زیرِ عمل ہیں جن میں 2,532 اسامیاں ابھی مشتہر ہونا باقی ہیں، 4,768 امتحانی مرحلے میں، 1,258 سلیکشن مرحلے میں جبکہ 1,477 اسامیوں اشتہار جاری ہونے کے بعد بھرتی عمل کی تکمیل کے منتظر ہیں۔دریں اثنا ،سیکرٹری جیکے پی ایس سی بشیر احمد ڈار نے میٹنگ کو کمیشن کے پاس بھرتی کے لئے بھیجی گئی اَسامیوں کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ اِس وقت 1,745 گزیٹیڈ اَسامیاں کمیشن کے پاس زیرِ عمل ہیں جن میں سے 1,573 اَسامیوںکے لئے سلیکشن شیڈول پہلے ہی تیار کیا جا چکا ہے جبکہ 172 اَسامیاں کچھ طریقۂ کار کے مسائل کی وجہ سے شیڈول ہونا باقی ہیں۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ کمیشن نے ان اَسامیوں کو پُر کرنے کے لئے بھرتی کا ایک ٹائم لائن تیار کیا ہے جس کے مطابق مارچ 2026 تک 630 سلیکشنز، اپریل تا مئی 2026 کے دوران 476، جون تا جولائی 2026 کے دوران 158 جبکہ اگست تا ستمبر 2026 کے دوران 309 سلیکشنز مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔مزید برآں،محکمہ وار تجزیے کے مطابق جیکے پی ایس سی کے پاس سب سے زیادہ اسامیوں محکمہ صحت و طبی تعلیم (872) کی ہیں۔ اِس کے بعد محکمہ سکولی تعلیم (470)، جنرل ایڈمنسٹریشن (170) اور اعلیٰ تعلیم (129) سمیت دیگر محکمے شامل ہیں۔میٹنگ کو بتایا گیا کہ تمام محکموں نے مشتہر شدہ اَسامیوں، خالی اَسامیوں اور بھرتی ایجنسیوں کو بھیجے جانے والے مجوزہ پوسٹوں کی تازہ ترین صورتحال فراہم کر دی ہے۔ یہ طے پایا کہ تمام واضح خالی اَسامیاں جن پر قانونی یا عملی مسائل نہیں ہیں، بروقت بھرتی کے لئے جلد از جلد متعلقہ بھرتی ایجنسیوں کو بھیجی جائیں گی۔










