ڈیجیٹل موجودگی میں اِضافے اور فروغ کی ضرورت پر زور
جموں//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے محکمہ سیاحت کی ہوم سٹے پالیسی کی عمل آوری کا جائزہ لینے اور اسے مضبوط بنانے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔ اِس پالیسی کا مقصد کمیونٹی پر مبنی سیاحت کو فروغ دینا اور جموں و کشمیر بھر میں رہائش کی سہولیات میں اِضافہ کرنا ہے۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر آشیش چندر ورما، پرنسپل سیکرٹری فائنانس سنتوش دی ویدیا، جموں و کشمیر بینک کے نمائندے اورمحکمہ سیاحت کے دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔دوران میٹنگ چیف سیکرٹری نے زور دیا کہ ہوم سٹے کی رسائی اور مرئیت کو بڑھانے کے لئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے فائدہ اُٹھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے محکمہ سیاحت کو ہدایت دی کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارموںپر اَپنی موجودگی کو بڑھایا جائے اور ہوم سٹے کو ایک وقف شدہ آن لائن پورٹل کے ساتھ مربوط کرے جو ریئل ٹائم بُکنگ، سہولیات کے بارے میں تفصیلی معلومات اور عوامی آرأاور درجہ بندیوں کی فراہمی میں سہولیت فراہم کرے۔اُنہوں نے ہوم سٹے اَنٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کے لئے مالی مدد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے جموں و کشمیر بینک کو ہدایت دی کہ وہ ہوم سٹے مالکان کے لئے ایک خصوصی قرض سکیم تیار کرے جو ہاؤسنگ قرضوںکی طرز پر ہو اور مسابقتی شرحِ سود پر دستیاب ہو۔چیف سیکرٹری نے مزید ہدایت دی کہ سیاحت کا محکمہ موجودہ رہنما اصولوں کا ازسرِ نو جائزہ لے اور انہیں مرکزی حکومت کی ہوم سٹے پالیسی کے مطابق بنایا جائے تاکہ رجسٹرڈ اِداروں کے لئے ایک شفاف اور قابل اعتبار درجہ بندی کے نظام شامل کیا جا سکے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری سیاحت نے میٹنگ کو بتایا کہ اَب تک تقریباً 2,500 ہوم سٹے جن میں زائد اَز 18,500 کمرے شامل ہیں، محکمہ کے ساتھ رجسٹر ہو چکے ہیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ محکمہ ہوم سٹے کے نظام کو مضبوط بنانے کے لئے مختلف اقدامات کر رہا ہے جن میں سادہ رجسٹریشن عمل، صارف دوست رہنما اصول اور بہتر مارکیٹنگ سپورٹ شامل ہیں تاکہ ہوم سٹے کو جموں و کشمیر کی سیاحتی تجربے کا ایک اہم جزو بنایا جا سکے۔پرنسپل سیکرٹری فائنانس سنتوش دی ویدیا نے تجویز دی کہ بُکنگ پورٹل پر کیو آر کوڈ پر مبنی ادائیگی کے آپشنز اور تصاویر و ویڈیوز شامل کئے جائیں تاکہ صارفین کو براؤزِنگ سے لے کر اَدائیگی تک ایک مربوط اور آسان تجربہ فراہم کیا جا سکے۔اُنہوں نے ہوم سٹے پالیسی کی کامیابی اور مقامی سیاحت کی معیشت میں اس کے دیرپا شراکت کو یقینی بنانے کے لئے دستاویزات ، مؤثر تصدیق کے طریقۂ کار اور ایک شفاف ڈیجیٹل عمل کی ضرورت پر مزید زور دیا۔چیف سیکرٹری نے محکمہ کی کوششوں کو سراہا اور ہدایت دی کہ تمام مجوزہ اقدامات کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ ہوم سٹے کے فروغ سے نہ صرف جموں و کشمیر میں رہائش کے اِمکانات میں تنوع پیدا ہوگا بلکہ مقامی کمیونٹیوں کو بااِختیار بنانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور دیہی سیاحت کی ویلیو چین کو مضبوط کرنے میں بھی مدد ملے گی۔










