سری نگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں 2 سے 15 ؍اگست 2025 ء تک منعقد ہونے والی ’ہر گھر ترنگا‘مہم کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ یہ مہم آزادی کا امرت مہا اُتسو تقریبات کا حصہ ہے۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری کلچر، کمشنر سیکرٹری جی اے ڈی، مختلف محکموں کے سربراہان، سینئر پولیس اَفسران اور تمام اِنتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے اِس مہم کو ایک عوامی تحریک بنانے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ اِس مہم کو تمام شہری و دیہی علاقوں میں وسیع پیمانے پر شرکت کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے قومی فخر، اتحاد اور حب الوطنی کے پیغام کو تقویت دینے کے لئے سکولی بچوں، نوجوانوں اور زِندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو شامل کرنے پر زور دیا۔گزشتہ تین برسوں میں اس مہم کی شاندار کامیابی کے بعد اس برس مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لئے ثقافتی اور عوامی شرکت پر مبنی سرگرمیاں شامل کی جائیں گی جو کہ پنچایتوں، شہری وارڈوں، تعلیمی اِداروں اور دیگر اہم عوامی مقامات پر منعقد ہوں گی۔دورانِ میٹنگ پرنسپل سیکرٹری کلچر برج موہن شرما نے بتایا کہ ’ہر گھر ترنگا۔ 2025‘ مہم 2اور 15 ؍ اگست کے درمیان تین الگ الگ مراحل میں چلائی جائے گی جس سے پورے جموںوکشمیر یوٹی میں وسیع البنیاد عوامی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔پہلا مرحلہ 2 سے 8 ؍اگست تک بیداری مہم پر مبنی ہوگا۔اِس مرحلے میںتعلیمی اداروں اور عوامی مقامات کو ترنگا کی تھیم والی دیوار پینٹنگز ، رنگولی آرٹ اور موریلز سے سجائے جائیں گے۔ وزارتِ ثقافت کی جانب سے تیار کردہ نمائشیں سکولوں اور سرکاری دفاتر میں لگائی جائیں گی۔دوسرا مرحلہ 9 سے 12 ؍اگست تک عوامی شرکت اور جشن پر مرکوز ہوگا۔تہوار اور میلے (ترنگا مہااُتسو) منعقد کئے جائیں گے جن میں مقامی فنون، دستکاریاں اور سیلف ہیلپ گروپوں کی تیار کردہ مصنوعات کو پیش کیا جائے گا۔اِس مرحلے میںبائیک و سائیکل ریلیاں، نوجوانوں کی پریڈز اور کمیونٹی ترنگا یاترا بھی منعقد ہوں گی۔بازاروں اور عوامی مقامات کو ترنگے کے رنگوں سے سجایا جائے گا اور قومی پرچموں کی تقسیم کی جائے گی جسے سیلف ہیلپ گروپوں کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔تیسرا مرحلہ 13 سے 15 ؍اگست تک پرچم کشائی کی تقریبات اور اہم سرکاری عمارتوں ، اِداروں اور عوامی مقامات کی روشنیوں کا مشاہدہ کیا جائے گا۔ سری نگر اور جموں میں پرچم کشائی کی اہم تقریبات منعقد ہوں گی۔ شہریوں کو مشہور ’سیلفی وِد ترنگا‘ مہم میں حصہ لینے کے لئے بھی ترغیب دی جائے گی جس میں شہری قومی پرچم کے ساتھ اَپنی تصاویر مخصوص آن لائن پورٹل پر اَپ لوڈ کریں گے۔اِس مہم کی نمایاں خصوصیات کے بارے میں بتایا گیا کہ 15 لاکھ سے زیادہ قومی جھنڈے جموںوکشمیر یوٹی کے مختلف علاقوں میں تقسیم کئے جائیں گے۔ اِس کے علاوہ ایک ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے تقریبات کی نگرانی اور رِپورٹنگ کی جائے گی۔اِس برس مہم میں فن، موسیقی، روایتی دستکاری اور ثقافتی اظہار کے ذریعے عوامی شرکت کو فروغ دیا جائے گا جو ’’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘‘کے جذبے کو مضبوط بنائے گا۔یہ مہم قومی یکجہتی، حب الوطنی، اور عوامی شرکت کی ایک زندہ مثال بننے جا رہی ہے جس میں تمام طبقوں کی شمولیت سے ایک پُرامن، بامقصد اور باوقار جشن متوقع ہے۔










