چیف سیکرٹری نے ڈیٹا پرمبنی ترقی کیلئے پی ایم گتی شکتی پورٹل کے اِستعمال پر زور دیا

چیف سیکرٹری نے ڈیٹا پرمبنی ترقی کیلئے پی ایم گتی شکتی پورٹل کے اِستعمال پر زور دیا

سری نگر// چیف سیکرٹری اَتل ڈولو کی صدارت میں متعلقہ اِنتظامی سیکرٹیوں کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی جس کا مقصد پی ایم گتی شکتی (پی ایم جی ایس) پورٹل میں شامل مختلف پرتوں کا اور جموں و کشمیر میں جامع انفراسٹرکچر کی منصوبہ بندی اور ترقی میں اس کے مؤثر اِستعمال کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔دورانِ میٹنگ چیف سیکرٹری نے تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹوں ( ڈِی پی آرز) کی تیار ی کے لئے پی ایم جی ایس پورٹل کو ایک مشترکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے طور پر بالخصوص سڑکوں اور رابطے جیسے بنیادی ڈھانچے سے متعلق پروجیکٹوں کے لئے اِستعمال کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ اَپنے منصوبہ بندی کے عمل کو پی ایم جی ایس فریم ورک کے ساتھ مربوط کریں تاکہ پورے یونین ٹریٹری میں ہم آہنگ اور ڈیٹا پر مبنی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔میٹنگ کا ایک اہم نکتہ ڈیجیٹل لینڈ بینک کی تیاری پر زور دینا تھا۔ چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے جنگلات محکمہ کے جی آئی ایس وِنگ کی جانب سے شناخت شدہ اور ڈیجیٹلائزلینڈ پارسل ڈیٹا کو پورٹل پر اَپ لوڈ کرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا کہ یہ مختلف محکموں کو مستقبل کے ترقیاتی اَقدامات کے لئے دستیاب زمینی وسائل کا زیادہ سے زیادہ اِستعمال کرنے کے قابل بنائے گا۔چیف سیکرٹری نے اِس پورٹل کے وسیع تر اَفادیت کوتسلیم کرتے ہوئے ہدایت دی کہ اسے صحت، تعلیم، بجلی اور پانی کی فراہمی جیسے سماجی شعبہ جات سے متعلق کلیدی اشاریوں کی میپنگ اور تجزیے کے لئے بھی اِستعمال کیا جائے تاکہ ہدفی مداخلت ممکن بنائی جا سکے۔اُنہوں نے ٹی بی کے پھیلاؤ، خون کی کمی، خواتین کی شرح خواندگی، سکول چھوڑنے کی شرح جیسے اشاریوں کی مثالیں دیتے ہوئے زور دیا کہ ان کی نگرانی اور بہتری کے لئے ڈیٹا پر مبنی اقدامات ضروری ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ پورٹل خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے اور حقیقی ترقیاتی نتائج کے حصول کے لئے ایک اہم آلہ بننا چاہیے۔مزید برآں،اَتل ڈولو نے قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں جیسے سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودوں کے خطرات کو پورٹل پر میپ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ وسائل کی تقسیم اورایمرجنسی منصوبہ بندی کے لئے شواہد پر مبنی حکمت عملی وضع کی جا سکے۔دوران میٹنگ محکمہ صنعت و حرفت نے ایک تفصیلی پرزنٹیشن دی جس میں یہ دکھایا گیا کہ کس طرح پی ایم جی ایس پورٹل کے ڈیٹا کو فیصلہ سازی اور عام شہریوں کی سہولیت کے لئے مؤثر طور پر اِستعمال کیا جا رہا ہے۔اُنہوں نے زراعت، منصوبہ بندی اور صنعتی ترقی جیسے مختلف شعبوں میں اس پلیٹ فارم کے اِستعمال کی مثالیں پیش کیں جس سے پلیٹ فارم کی مربوط حکمرانی کو فروغ دینے کی صلاحیت کو اُجاگر کیا گیا۔بعد میں چیف سیکرٹری نے محکمہ صنعت وحرفت کے ایک اور جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں یونین ٹیریٹری میں ’ آر اے ایم پی ( ایم ایس ایم اِی کی کارکردگی کو بڑھانااور تیز کرنا)‘ سکیم کی عمل آوری کا جائزہ لیا گیا ۔اس میٹنگ میں چیف سیکرٹری نے ایم ایس ایم ایز کو باضابطہ بنانے ، ادیم پورٹل پر رجسٹریشن کو بڑھانے اور یونٹ ہولڈروں کے لئے صلاحیت سازی کے اَقدامات شروع کرنے میں محکمہ کی کوششو ں کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے بائیر۔ سیلر میٹوں کے اِنعقاد ، ہنرمندی اور اِنتظامی پروگراموں کی پیش رفت اور سکیم کے تحت شراکت داروں تک عام رَسائی کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے ایک مضبوط ایک مضبوط فیصلہ سپورٹ سسٹم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مالیاتی اداروں، بجلی کی کمپنیوں، ای پی ایف او، جی ایس ٹی، اور اُدیم پورٹل جیسے کلیدی ڈیٹابیسز کی فوری اے پی آئی سطح پر انضمام کی ہدایت دی۔