چیف سیکرٹری نے چارہ کی پیداوار ، ایکو ٹورازم اور جنگلات کی بحالی کے اقدامات کو تیز کرنے کی ہدایت دی

فاریسٹ ایکالوجی اینڈ انوائیرنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے کام کاج کا جائیزہ لیا

جموں//چیف سیکرٹری مسٹر اتل ڈولو نے فاریسٹ ، ایکالوجی اینڈ انوائیرنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا ایک جامع جائیزہ اجلاس منعقد کیا تا کہ اس کے مجموعی کام کاج کا جائیزہ لیا جائے اور جموں و کشمیر بھر میں جاری اہم تحفظ ، حفاظت اور ترقیاتی اقدامات کا جائیزہ لیا جائے ۔ اجلاس میں کمشنر سیکرٹری فاریسٹ ، پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ اور محکمہ کی مختلف ونگز کے سربراہان نے شرکت کی ۔ اجلاس کے آغاز پر چیف سیکرٹری نے چراگاہوں میں چارے کی دستیابی بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ چارے کی پیداوار کا براہ راست تعلق جانوروں ، بھیڑ بکری پالنے اور ڈیری سیکٹرز کی ترقی سے ہے ۔ انہوں نے محکمہ کو ہدایت دی کہ تمام ممکنہ جنگلاتی علاقوں میں چارہ کی پیداوار کو بڑھانے کیلئے ٹارگٹڈ اقدامات کئے جائیں ۔ ایکو ٹورازم کو نئی رفتار دینے پر زور دیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ جموں و کشمیر کا فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ ایسے قیمتی اثاثوں کا مالک ہے جنہیں پائیدار سیاحت کو فروغ دینے کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ موجودہ انفراسٹرکچر کو جدید سیاحتی معیاروں کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے اور سیاحتی سیزن کے دوران ان سہولیات کا بھر پور استعمال یقینی بنایا جائے تا کہ محکمہ کیلئے خاطر خواہ آمدنی پیدا ہو سکے ۔ انہوں نے کیرالہ ، شمال مشرقی علاقوں اور اتراکھنڈ جیسی ریاستوں کے کامیاب ایکو ٹورازم ماڈلز کا مطالعہ کرنے اور انہیں اپنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ جموں و کشمیر اپنی وسیع ماحولیاتی تنوع کی بدولت اگر پائیدار طریقے سے ترقی دی جائے تو ایک سرکردہ ایکو ٹورازم منزل بننے کی زبردست صلاحیت رکھتا ہے ۔ اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری نے پیر کی گلی اور ٹنگڈار جیسے مخصوص علاقوں کی نشاندہی کی جن کو فوری ماحولیاتی مداخلت کی ضرورت ہے تا کہ وہاں دوبارہ ہریالی بحال کی جا سکے ۔ بڑے منصوبوں کی پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے جمبو زو اور کشتواڑ ہائی الٹی ٹیوڈ نیشنل پارک کے جاری ترقیاتی کاموں کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے تمام زیر التوا کاموں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ اس دوران کمشنر سیکرٹری جنگلات نے محکمہ کی کارکردگی کا ایک تفصیلی جائیزہ پیش کیا ۔