سری نگر//چیف سیکرٹری اَتل دولو نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں پردھان منتری آیوشمان بھارت ہیلتھ اِنفراسٹرکچر مشن ( پی ایم۔ اے بی ایچ آئی ایم) اور ایمرجنسی کووڈ رسپانس پیکیج۔دوم (اِی سی آر پی۔II) کے تحت جموں و کشمیر کے مختلف اَضلاع میں قائم کئے جا رہے اہم نگہداشت طبی پروجیکٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں سیکرٹری محکمہ صحت و طبی تعلیم، مشن ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ مشن (این ایچ ایم)، گورنمنٹ میڈیکل کالجز کے پرنسپلوں،منیجنگ ڈائریکٹر ایس ایس سی سی اور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے ان پروجیکٹوںکی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سہولیات جموں و کشمیر میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔ اُنہوں نے عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ تمام پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے کام کی رفتار سرعت لائیں۔اُنہوں نے زور دیا کہ ان سہولیات کا قیام ضلعی ہسپتالوں اور نئے میڈیکل کالجوں میں ٹریشری اور ثانوی درجے کی صحت خدمات کو بڑھانے میں مددگار ہوگا۔دورانِ میٹنگ چیف سیکرٹری نے ہر پروجیکٹ کی طبعی و مالی پیش رفت،ورک سائٹس پر دستیاب افرادی قوت اور مشینری اور گزشتہ جائزے کے بعد حاصل کردہ پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کے لئے مقررہ ڈیڈ لائن پر سختی سے عمل درآمد اورمستقل نگرانی کی ہدایت دی۔سیکرٹری صحت و طبی تعلیم نے میٹنگ کا جانکاری دی کہ پی ایم۔ اے بی ایچ آئی ایم کے تحت جموں کے جی ایم سی اور ضلع ہسپتال بڈگام میں دو 100 بستروں والے کریٹیکل کیئر بلاکوں پر کام جاری ہے جبکہ سات 50 بستروں والے بلاکوں جی ایم سی کٹھوعہ، راجوری، ڈوڈہ، اننت ناگ، سکمز میڈیکل کالج بمنہ اور ضلع ہسپتال کولگام میں قائم کئے جا رہے ہیں۔اِس کے علاوہ 20 ڈِسٹرکٹ اِنٹگریٹیڈ پبلک ہیلتھ لیبارٹریز (ڈِی آئی پی ایچ ایل) اور 287 بلاک پبلک ہیلتھ یونٹوں (بی پی ایچ یوز) بھی پورے جموں و کشمیر میں قائم کئے جا رہے ہیں۔اِی سی آر پی ۔دو م کے تحت مزید سات 50 بستروں والے کریٹیکل کیئر بلاک جی ایم سی اُودھمپور اور ضلع ہسپتالوں ریاسی، پلوامہ، کپواڑہ، پونچھ، شوپیاں اور گاندربل میں تیار کئے جا رہے ہیں۔میٹنگ میں 104 اَربن آیوشمان آروگیہ مندرز (یو اے اے ایمز) کے قیام کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا جن میں سے 52 مکمل ہو چکے ہیں جبکہ 79 کو 31 ؍مارچ 2026 ء تک مکمل کرنے کا ہدف ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر ایچ ایس سی سی نے چیف سیکرٹری کو ہر پروجیکٹ کی موجودہ صورتحال، وسائل کی تعیناتی اور متوقع ٹائم لائنز کے بارے میںجانکاری دی۔ اُنہوں نے بتایا کہ پروجیکٹ سائٹس پر اَفرادی قوت کو بڑھا کر 950 سے زائد کارکنان تک پہنچا دیا گیا ہے اور توقع ہے کہ اگلے ہفتوں میں ڈیڈ لائن کو پورا کرنے کے لئے ان کی تعداد 1400 تک بڑھ جائے گی۔چیف سیکرٹری نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اُنہوں نے عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ اَفرادی قوت کی کمی کو پورا کریں، وسائل کو متحرک کریں اور پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کے لئے کام کی رفتار تیز کریں۔










