CS reviews functioning of Sports Department

چیف سیکرٹری نے محکمہ امورِ نوجوان و کھیل کود کے کام کاج کا جائزہ لیا

سری نگر//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے امورِ نوجوان و کھیل کود محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ مختلف کھیلو ں کی سرگرمیوں کا اہتمام کر رہا ہے او رجموںوکشمیر یوٹی میں کھیل ثقافت کو فروغ دینے کے لئے جموںوکشمیر میں کئی بنیادی ڈھانچے کے منصوبے شروع کر رہا ہے۔چیف سیکرٹری نے محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ جموں وکشمیر میں آبی کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے اعلیٰ معیار کی سہولیات قائم کرے اور اِس سلسلے میں مناسب سامان کی خریداری کرے۔محکمہ امور نوجوان و کھیل کود سے کہا گیا ہے کہ وہ مختلف جھیلوں بشمول صوبہ کشمیر میں ڈل جھیل ، وولر جھیل اور مانسبل جھیل اور صوبہ جموں میں مانسر ، سرنسر اور رنجیت ساگر ڈیم میں آبی کھیلوں کے لئے تیار کرے۔محکمہ سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ دریائے لدر، سلال او ربغلیہار ڈیموں میں پانی کے حصے میں آبی کھیلوں کی سہولیات کے اِمکانات کو تلاش کرے۔چیف سیکرٹری نے رنجیت ساگر ڈیم میں آبی کھیلوں کی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے محکمہ کو آلات کی آڈِٹ مکمل کرنے او رنوجوانوں کو کیکنگ او رکینوئنگ کھیلوں کی تربیت جلد سے جلد شروع کرنے کی ہدایت دی۔چیف سیکرٹری نے 15؍ اَکتوبر 2021ء تک شیرِ کشمیر اِنڈور سٹیڈیم سری نگر میں تزئین و آرائش اور بحالی کے کاموں کو مکمل کرنے اور تمام کھیل سرگرمیوں کو دوبارہ شروع کرنے کی ہدایات جاری کیں۔محکمہ سے کہا گیا ہے کہ وہ خواہشمند کھلاڑیوں کو مناسب تربیت او ررہنمائی فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دے جس سے مختلف قومی اور بین الاقوامی ایونٹوں میں یوٹی کے نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ شرکت کرنے کی اِجازت ملے گی۔