اہم ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا اور عوامی وفود سے ملاقات کی
بانڈی پورہ//چیف سیکرٹری اَتل ڈولونے ہفتہ کے روز ضلع بانڈی پورہ کا دورہ کیا اور ایک جامع جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں جاری ترقیاتی کاموں اور مرکزی معاونت والی ویوٹی سکیموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔یہ میٹنگ منی سیکرٹریٹ بانڈی پورہ میں منعقد ہوئی جس میں ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ منظور احمد قادری، ایس ایس پی بانڈی پورہ ہرمیت سنگھ اور دیگر ضلعی و محکمہ جاتی اَفسران موجود تھے۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے ضلع کی ترقیاتی صورتحال پر ایک تفصیلی پرزنٹیشن دی جس میں صحت، تعلیم، بجلی، سیاحت، زراعت، دیہی ترقی اور آبی فراہمی جیسے کلیدی شعبوں کا احاطہ کیا گیا۔چیف سیکرٹری نے محکمہ بجلی، تعلیم، صحت، زراعت، باغبانی اور سیاحت میں مشن موڈ میں کام کرنے پر زور دیا اور اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ بنیادی ڈھانچے کے کاموں کو تیز رفتار سے مکمل کریں تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اُنہوں نے مختلف سکیموںکے تحت مقررہ اہداف کو حاصل کرنے پر خصوصی توجہ دینے اور مرکزی اور یو ٹی معاونت والی سکیموں کی مؤثر عمل آوری پر بھی زور دیا جن میں جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ( ایچ اے ڈی پی)،کوآپریٹیوز کے فروغ، پردھان منتری آواس یوجنا (پی ایم اے وائی) اور صحت سکیموں کی صد فیصد تکمیل جیسے سکیمیں شامل ہیں۔اَتل ڈولو نے دورے کے دوران 805 لاکھ روپے لاگت والے متعدد اہم منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جن میں 100 بستروں پر مشتمل ایس ٹی،جی این بی ہوسٹل اور ڈِسٹرکٹ ویٹرنری ہسپتال بانڈی پورہ کی تعمیر شامل ہے۔میٹنگ میں ضلع کیپیکس پلان 2025-26 پر بھی تفصیلی جانکاری دی گئی جس کے تحت بانڈی پورہ کے لئے کل 41 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جن میں 10 کروڑ روپے ڈِی ڈِی سی گرانٹس، 3 کروڑ بی ڈِی سی گرانٹس، 25 کروڑ پی آر آئی گرانٹس، 2 کروڑ روپے اسپریشنل بلاک ڈیولپمنٹ اور 1.2 کروڑ روپے اسپریشنل پنچایت ڈیولپمنٹ کے تحت شامل ہیں۔یہ منصوبہ 483 ترقیاتی کاموں (جن میں 139 سابقہ ادھورے منصوبے شامل ہیں) ڈِی ڈِی سی گرانٹس، 107 بی ڈی سی گرانٹس (30 اسپلوور)، اور 1,488 پی آر آئی گرانٹس (579 اسپلوور) پر مشتمل ہے۔اِس کے علاوہ صحت شعبے میں 1.86 کروڑ روپے اور اِبتدائی تعلیم میں 2.85 کروڑ روپے کے منصوبے 2024-25 ء میں زیر تکمیل ہیں جن میں 1.04 کروڑروپے اسپریشنل بلاک سکیموں کے تحت نئے اَقدامات کے لئے دستیاب ہیں۔ دورانِ میٹنگ ضلع ترقیاتی کمشنر نے چیف سیکرٹری کو متعدد اہم مسائل سے آگاہ کیا جن میں ضلع ہسپتال بانڈی پورہ میں اِنسانی وسائل و بنیادی ڈھانچے میں اِضافہ اور سمبل تا بانڈی پورہ سڑک کو چوڑاکرنا شامل ہیں۔
چیف سیکرٹری نے محکمانہ ہم آہنگی میں بہتری، تخمینوں کی بروقت فراہمی اور دُور دراز و دشوار گزار علاقوں میں ترقیاتی رُکاوٹوں کو دُور کرنے کے لئے مؤثر اَقدامات پر زور دیا۔اُنہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت، معیار اور عوامی جوابدہ کو یقینی بنانے کے لئے کمیونٹی کی شرکت کو نہایت اہم قرار دیا۔بعد میں چیف سیکرٹری نے مختلف سول سوسائٹیز، تجارتی انجمنوں، قبائلی نمائندوں، نیشنل یوتھ کارپس (این وائی سی ) اور نوجوانوں کے وفود سے بات چیت کی اور اُن کے مسائل اور ترقیاتی مطالبات کے بروقت ازالے کی یقین دہانی کی۔ اِس سے قبل چیف سیکرٹری نے ضلع ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ مختلف محکمانہ سٹالوں کا معائینہ کیا۔اِس موقعہ پر چیف پلاننگ آفیسر، محکمہ تعمیراتِ عامہ، پی ایچ ای، پی ڈِی ڈی کے ایگزیکٹیو انجینئرز اور سیاحت، صحت، تعلیم، زراعت، باغبانی، سماجی بہبود اور دیہی ترقی کے افسران بھی موجود تھے۔










