چیف سیکرٹری نے سرکاری کارکردگی کے بہترین مظاہرہ کرنے والوں کو اعزاز دینے کیلئے ’سمپورناتہ سمان ‘کی تیاریوں کا جائزہ لیا

چیف سیکرٹری نے سرکاری کارکردگی کے بہترین مظاہرہ کرنے والوں کو اعزاز دینے کیلئے ’سمپورناتہ سمان ‘کی تیاریوں کا جائزہ لیا

سری نگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے محکمہ منصوبہ بندی کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں آئندہ مرکزی سطح کے ’سمپورناتہ ابھیان سمان سمروہ‘ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ یہ پروگرام اُن اَضلاع اور بلاکوں کو اعزاز دینے کے لئے منعقد کیا جا رہا ہے جنہوں نے ’سمپورناتہ ابھیان‘ کے تحت مختلف اہم شعبوں میں صد فیصد کامیابی حاصل کی ہے۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی ڈاکٹر اشیش چندر ورما، ڈائریکٹر جنرل اِکنامکس و اسٹیٹسٹکس، ڈائریکٹر پلاننگ اور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی جبکہ اَسپریشنل اَضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنروں نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔دورانِ میٹنگ چیف سیکرٹری نے فرنٹ لائن ورکروں اور بلاک لیول اَفسران کو اعزاز دینے کے لئے منعقد کئے جانے والے ضلعی سطح پر اعزازی تقاریب کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا ۔ اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں سے فرداً فرداً بات کی ،ا ن کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور انہیں ان تقریبات کے مناسب اِنتظامات اور پُروقار اِنعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
اَتل ڈولو نے ’اسپریشنل ڈِسٹرکٹس‘ اور ’اسپیریشنل بلاکس‘ پروگراموں کے تحت اضلاع و بلاکوں کی مجموعی کارکردگی، قومی سطح پر درجہ بندی اور اہم اشاریوں کی تکمیل کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے اِنتظامیہ کی شاندار کوششوں کو سراہتے ہوئے مستقل ترقی اور توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ طویل مدتی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوں نے تین ماہ کی ’سمپورناتہ ابھیان‘ (4 ؍جولائی تا 30 ؍ستمبر 2024ء) کے اثرات کو اُجاگر کرتے ہوئے اَفسران او فیلڈ ٹیموں کی کوششوں کی ستائش کی جو نیتی آیوگ کے تحت شروع کیا گیا اور صحت، غذائیت، تعلیم، زراعت اور روزگار جیسے چھ اہم اشاریوں میں صدفیصد ہدف حاصل کرنے پر مرکوز ہے۔
ڈاکٹر آشیش چندر ورما نے اعزازات کی تفصیلی جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ جموں و کشمیر کے دونوں اسپریشنل اضلاع بارہمولہ اور کپواڑہ چھ کلیدی اشاریوں میں مکمل ہدف حاصل کر چکے ہیں۔ بہترین کارکردگی کی بنیاد پر سونے کے تمغے اُن ضلع ترقیاتی کمشنروں کو جنہوں نے چھ اشاریوں میں مکمل ہدف حاصل کیا ہے جن میں بارہمولہ ، کپواڑہ بانڈی پورہ ، کولگام اور رِیاسی شامل ہیں ۔اِسی طرح چاندی کے تمغے اُن ضلعی ترقیاتی کمشنروں کو جنہوں نے پانچ اشاریوں میں کامیابی حاصل کی جن میں پلوامہ ، رام بن اور کشتواڑ اَضلاع شامل ہیںاور تانبے کا تمغہ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کو جنہوں نے تین اِشاریوں میں کامیابی حاصل کی۔اِسی طرح ’اسپریشنل بلاکس‘ میں پانچ بلاک جن میںتُلیل، سنگھ پورہ، منزگام، کیرن، اور تھکراکوٹ شامل ہیں، نے مکمل ہدف حاصل کی جبکہ مزید تین بلاکس بشمول مروا، کھاری اور اِچگوزہ نے پانچ اشاریوں میں کامیابی حاصل کی اور خواس نے تین میں سیچوریشن حاصل کی۔
قابل ذکر کارکردگی میں بہتری بھی درج کی گئی۔ اچگوزہ (پلوامہ) نے اپنے مجموعی سکور میں پلس9.13 پوائنٹس کا اضافہ کیا اور مارچ 2025 ء میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ تُلیل (بانڈی پورہ) نے پلس6.66 پوائنٹس کا اضافہ کرتے ہوئے 68.90 سکور کے ساتھ آٹھویں نمبر پر جگہ بنائی۔یہ مہم جموں و کشمیر کے 44 پسماندہ بلاکوں میں 10.3 فیصد آبادی کے تقریباً 12.64 لاکھ لوگوں پر مثبت اثر ڈالنے میں کامیاب رہی جس سے زراعت، صحت، تعلیم،پانی کی فراہمی، آبپاشی اور بجلی کے بنیادی ڈھانچے جیسے شعبوں میں پیش رفت ہوئی۔
اعزازات دینے کے اس سمپورناتہ ابھیان سمان سمروہ میں ضلع ترقیاتی کمشنروں، بلاک سطح کے اَفسروں اور فرنٹ لائن کارکنوں کو سراہا جائے گا۔نیتی آیوگ نے اس تقریب کے کامیاب انعقاد کی خاطر یوٹی سطح کے پروگرام کے لئے 10 لاکھ روپے،ہر ضلع میں اعزازی پروگرام کے لئے 5 لاکھ روپے اور ’’اکانکشا ہاٹ‘‘ جیسے اختراعی اقدام کے لئے بھی ہر ضلع کو مزید 5 لاکھ روپے فراہم کئے ہیں۔