گھروں کو بلاتعطل پانی کی فراہمی کیلئے پانچویں بور ویل کا افتتاح
جموں//چیف سیکرٹری مسٹر اتل ڈولو نے جگٹی نگروٹہ میں مہاجرین کیلئے قائم منی ٹاؤن شپ کا دورہ کیا ۔ انہوں نے کشمیری مہاجرین کی بہتری کیلئے جاری مختلف ترقیاتی کاموں کا معائینہ کیا اور مختلف سماجی تحفظ اسکیموں کے تحت منظوری کے احکامات اور اہل مہاجر مستفیدین کو دوکانوں اور رہائشی کوارٹرز کے الاٹمنٹ آرڈرز تقسیم کئے ۔ کمشنر سیکرٹری ایف سی ایس اینڈ سی اے ، کمشنر سیکرٹری سماجی بہبود ، آئی جی پی جموں ، ڈپٹی کمشنر جموں ، کمشنر جے ایم سی ، کمشنر ریلیف ری ہیبلی ٹیشن اینڈ ری کنسٹریکشن ، یو ٹی انتظامیہ کے سینئر افسران ، نگروٹہ ، پرکھو اور مٹھی کیمپ سے کشمیری مہاجر آبادی موجود تھی ۔ چیف سیکرٹری نے اپنے دورے کا آغاز منی ٹاؤن شپ میں ہسپتال کے کام کاج کا معائینہ کرتے ہوئے کیا جہاں انہوں نے جگٹی کیمپ میں رہائش پذیر مہاجر آبادی کیلئے صحت کی دیکھ بھال اور طبی سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے گھروں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی کیلئے پانچواں بور ویل کا بھی افتتاح کیا ۔ اس کے بعد چیف سیکرٹری نے سماجی تحفظ اسکیموں بشمول بوڑھاپا،بیوگی اور معذوری پنشن کے منظوری کے احکامات اور اہل مستفیدین کو دوکانوں اور رہائشی کوارٹرز کے الاٹمنٹ آرڈرز تقسیم کئے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ تمام سماجی تحفظ اسکیموں کے فوائد جو پہلے مہاجر آبادی کو نہیں مل رہے تھے اب تمام اہل مستفیدین کو فراہم کردئیے گئے ہیں ۔ چیف سیکرٹری نے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کو جگٹی میں منی ٹاؤن شپ میں سولر لائٹس نصب کرنے کی کی ہدیات دیں ۔










