خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کئے
جموں//چیف سیکرٹری مسٹر اتل ڈولو نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی ۔ اس اجلاس میں متعلقہ انتظامی سیکریٹریز ، ڈویژنل کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ نے شرکت کی ۔ اجلاس کا مقصد مغربی ایشیا میں تیزی سے بدلتی ہوئی جیو پولیٹیکل صورتحال کے پیش نظر جموں و کشمیر میں ضروری اشیاء کی دستیابی اور تقسیم کا جائیزہ لینا اور ممکنہ سپلائی چین کی رکاوٹوں کے خلاف مناسب بفر اسٹاک یقینی بنانا تھا ۔ اجلاس کے دوران پیش کی گئی جامع رپورٹ کے مطابق یونین ٹیریٹری میں فی الحال موثر اسپرٹ ( پیٹرول ) ، ہائی اسپیڈ ڈیزل ( ایچ ایس ڈی ) اور ایل پی جی کے سٹاکس مستحکم ہیں جبکہ ٹرانزٹ میں بھی بڑی مقدار میں سٹاک موجود ہے جو ریزرو کو مزید مضبوط بنائے گا ۔ چیف سیکرٹری نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں ( او ایم سیز ) اور ضلعی انتظامیہ کے ذریعے ہیلپ لائینز پر درج عوامی شکایات اور ان کے نپٹارے کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے تمام اضلاع میں انفارمیشن ، ایجوکیشن اینڈ کمیونیکیشن ( آئی ای سی ) مہمات چلانے اور سخت معائنوں پر زور دیا تا کہ ضروری اشیاء بشمول کھاد اور اناج کی ذخیرہ اندوزی ، زیادہ قیمتوں اور بلیک مارکیٹنگ کو روکا جا سکے ۔ انہوں نے دونوں ڈویژنوں میں کمرشل اور انڈسٹریل سیکٹرز کو 70 فیصد سپلائی یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا اور تمام فعال صارفین کا ای کے وائی سی ( ای ۔ کے وائی سی ) جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ کمشنر سیکرٹری فوڈ ، سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افئیرز ، سوربھ بھگت نے بتایا کہ یو ٹی میں ہموار سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے کافی اقدامات کئے گئے ہیں جن میں مہاجر آبادی اور مزدوروں کے لئے 5 کلو گرام والے ایل پی جی سلنڈروں کی دستیابی اور حکومت ہند کی ہدایات کے مطابق کمرشل اور انڈسٹریل اسٹیبلشمنٹس کو 70 فیصد سپلائی یقینی بنانے کے احکامات جاری کرنا ہے ۔ جموں ڈویژن کیلئے ڈویژنل کمشنر رومیش کمار نے بتایا کہ ڈویژن میں 7325 کلو لیٹر پیٹرول اور 27241 کلو لیٹر ڈیزل دستیاب ہے اس کے علاوہ سپیرئر کیروسین آئل ( ایس کے او ) کا 49 دن کا مضبوط کوور اور ایوی ایشن ٹربائن فیول ( اے ٹی ایف ) کا 12 دن کا بفر برقرار ہے جس سے ضروری خدمات میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی ۔ ضلع اودھمپور ، کٹھوعہ اور ڈوڈہ میں مضبوط اسٹاک کی سطح رپورٹ کی گئی ہے جبکہ کشتواڑ اور رام بن میں ان کے3-4 دن کے بفر کو مسلسل ٹرانزٹ سپلائی کے ذریعے دوبارہ بھرنے کیلئے قریبی نگرانی کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈویژن میں فی الحال 47297 ایل پی جی سلنڈر سٹاک میں ہیں اور گذشتہ 10 دنوں میں 7769 سلنڈر صارفین کو ڈیلیور کئے گئے ۔ چیف سیکرٹری نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ اس ڈیلیوری اور ڈیمانڈ کے درمیان موجود گیپ کو ختم کیا جائے تا کہ انڈسٹریل اور کمرشل سرگرمیوں میں کوئی رکاوٹ نہ آئے ۔ کشمیر ڈویژن کیلئے ڈویژنل کمشنر انشول گرگ نے میٹنگ کو مطلع کیا کہ کشمیر ڈویژن میں فی الحال 7721 کلو لیٹر پیٹرول اور 13487 کلو لیٹر ڈیزل موجود ہے جو ٹرانزٹ اسٹاکس کے ساتھ مل کر پیٹرول کیلئے 19 دن اور ڈیزل کیلئے 21 دن کا ریزرو کوور فراہم کرتا ہے جبکہ ایل پی جی ریزرو4072 میٹرک ٹن ہے جو 16 دن کا کوور یقینی بناتا ہے ۔ میٹنگ کے دوران ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے اضلاع میں ایل پی جی ، آٹو موبائل فیولز اور اناج کی سپلائی اور تقسیم کی صورتحال پیش کی ۔
چیف سیکرٹری نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ بین الاقوامی پیش رفت کے بہانے مارکیٹ میں ویمتوں کی سخت نگرانی کریں تا کہ ذخیرہ اندوزی اور زیادہ نرخوں پر فروخت کو روکا جا سکے ۔ انہوں نے ایل پی جی اور دیگر ضروری اشیاء کی آخری منزل تک خاص طور پر دور دراز اور دور افتادہ علاقوں میں ہموار ڈیلیوری یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ یو ٹی کے پاس کافی ذخائیر موجود ہیں اور ٹرانزٹ میں سپلائی بھی جاری ہے ۔ لہذا کوئی گھبراہٹ کی ضرورت نہیں ہے ۔ موجودہ اسٹاک لیولز اور سپلائی کافی ہیں جو جموں و کشمیر بھر میں معمول کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے کافی ہیں ۔










