چیف سیکرٹری نے جموں و کشمیر میں قبائلی ترقیاتی پروگراموں کے نفاذ کا جائیزہ لیا

سرینگر//چیف سیکرٹری مسٹر اتل ڈولو نے یو ٹی میں قبائلی برادریوں کی سماجی و معاشی ترقی کیلئے مختلف مرکزی سپانسرڈ شدہ اسکیموں ( سی ایس ایس ) کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ اجلاس میں سیکرٹری قبائلی امور ، کمشنر سیکرٹری سماجی بہبود ، سیکرٹری صحت و میڈیکل ایجوکیشن ، سیکرٹری دیہی ترقی ، سیکرٹری قانون ، ڈی جی وسائل اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنرز نے بھی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے حصہ لیا ۔ جائزے کے دوران چیف سیکرٹری نے قبائلی بہبود کے پروگراموں کے تحت اخراجات کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ آدی کرم یوگی ابھیان کے تحت گاؤں کے ایکشن پلانز ( وی اے پیز ) کی تیاری کو تیز کریں ۔ سیکرٹری قبائلی امور نے بتایا کہ وزارت قبائلی امور حکومت ہند نے 2025-26 کیلئے جموں و کشمیر کیلئے مختلف اسکیموں کے تحت 47.981 کروڑ روپے کی ایک نمایاں مالیاتی منظوری دی ہے ۔ اس میں سے 39.21 کروڑ روپے دھرتی آبا جنجاتیہ گرام اتکرش ابھیان (ڈی اے ۔ جے جی یو اے ) کے تحت منصوبوں کیلئے مختص کئے گئے ہیں ، 5 کروڑ روپے پانچ قبائلی ملٹی پرپز مارکیٹنگ سینٹرز ( ٹی ایم ایم سیز ) کے قیام کیلئے اور 3.771 کروڑ روپے فاریسٹ رائٹس ایکٹ ( ایف آر اے ) سیلز کو ریاستی اور ضلعی سطح پر بنانے کیلئے مختص کئے گئے ہیں ۔ اجلاس میں آدی کرمیوگی ابھیان کے تحت پیش رفت کا بھی جائیزہ لیا گیا جو کہ قبائلی برادریوں میں بنیادی سطح پر گورننس اور سروس ڈیلیوری کو تبدیل کرنے کا ایک اہم مشن ہے ۔ چیف سیکرٹری نے حکومت کے عزم کو دہراتے ہوئے تمام متعلقہ فریقین سے مربوط کوششوں کا مطالبہ کیا تا کہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ فلاحی اسکیموں کے فوائد جموں و کشمیر کے ہر قبائلی گھرانے تک موثر طریقے سے پہنچیں ۔