اِستفادہ کنندگان پر مبنی سکیموں کی مکمل عمل آوری اور بہترعوامی رَسائی پر زور
سری نگر// چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر میں مالی شمولیت کے اقدامات اوراستفادہ کنندگان پر مبنی سکیموں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جو جموںوکشمیر بھر میں عملائی جارہی ہے ۔ دورانِ میٹنگ چیف سیکرٹری نے جموںوکشمیر یوٹی میں تمام مالیاتی شمولیت کی سکیموں کی مکمل عمل آوری کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کئی فلاحی سکیموں میںاندراج کی کم شرح پر تشویش کا اِظہار اور متعلقہ محکموں کو مشن موڈ میں کوریج بڑھانے کی ہدایت کی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی بھی اہل شہری محروم نہ رہے۔اَتل ڈولو نے اِس بات پر زور دیا کہ فوائد کی فوری اوربغیر کسی رُکاوٹ کی فراہمی حکومتی پروگراموں میں عوام کا اعتماد بڑھانے کی کلید ہے ۔ اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ تمام اہل اَفراد تک بروقت سکیموں کے فوائد پہنچائے جائیں تاکہ مزید شہری اِن سکیموں سے فائدہ اُٹھانے کے لئے آگے آئیں۔اُنہوں نے اموات کی طبی تصدیق (ایم سی سی ڈِی) نظام کو رجسٹرار آف برتھ اینڈ ڈیتھ ڈیٹا بیس کے ساتھ منسلک کرنے پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس انضمام سے اِنشورنس کلیمز اور پنشن کی ادائیگی جیسے فوائد کی بروقت فراہمی ممکن ہوگی اور خدمات میں تاخیر بھی کم ہوگی۔چیف سیکرٹری نے تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ جاری عوامی رسائی مہم کو تیز کریں اور ہر گھر تک دستیاب سکیموں کے بارے میں درست معلومات پہنچائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ شہریوں میں بیداری پیدا کرنا مالیالی شمولیت کو حقیقت میں تبدیل کرنے کے لئے نہایت ضروری ہے۔میٹنگ میں مختلف مالی و سماجی شمولیت کی سکیموں کے تحت حاصل ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جن میں پردھان منتری جن دھن یوجنا (پی ایم جے ڈِی وائی)، پردھان منتری سرکشا بیمہ یوجنا (پی ایم ایس بی وائی)، پردھان منتری جیون جیوتی بیمہ یوجنا (پی ایم جے جے بی وائی) اور اَٹل پنشن یوجنا (اے پی وائی) شامل ہیں جنہوں نے خطے کے عوام کو مالی تحفظ اور بااِختیار بنانے میں اہم کردار اَدا کیا ہے۔پرنسپل سیکرٹری خزانہ سنتوش دی ویدیا نے میٹنگ کو جانکاری دی کہ پردھان منتری جن دھن یوجنا مالی شمولیت کی بنیاد ہے۔ جموں و کشمیر میں اس کی عمل آوری سے متعلق بتایا گیا کہ ضلع کٹھوعہ نے 2024-25 ء کے نئے کھاتوں کے ہدف کا 92.74 فیصد حاصل کیا ۔ اِس کے بعد بانڈی پورہ نے 71.08 فیصد ہے۔
خطے میں مجموعی طور پر 31؍ مارچ 2025 ء تک 21.45 لاکھ اکائونٹس کھولے گئے ہیں جو 2024-25ء کے سالانہ ہدف کا 46.75 فیصد ہے۔ضلع سانبہ میں 2011 کی مردم شماری کی آبادی کے مقابلے میںپی ایم جے ڈِی وائی کھاتوں کی سب سے زیادہ شرح 31فیصد رہی۔اِس کے بعد رِیاسی اور بارہمولہ کا نمبر ہے جن کا تناسب 24فیصد ہے۔پی ایم ایس بی وائی (حادثاتی انشورنس) کے تحت گزشتہ پانچ برسوں میں اندراج میں 168 فیصداِضافہ ہوا اور 2024-25 ء میں کل اندراج 23.57 لاکھ تک پہنچ گیا۔ اِس عرصے میں 13.55 کروڑ روپے بطور پریمیم جمع ہوئے جب کہ 18.39 کروڑ روپے کلیمز کی صورت میں اَدا کئے گئے۔میٹنگ کو مزید بتایا گیا کہ 2024-25 ء کے لئے پی ایم ایس بی وائی کے اِندراج کا مجموعی ہدف 116.16 فیصد حاصل کیا گیا جب کہ31؍ مارچ 2025ء تک مجموعی اِندراج 23.56 لاکھ رہا۔ جموں ضلع میں قیام کے بعد سے اَب تک سب سے زیادہ مجموعی اِندراج ہے جس میں 5,80,121 اَفراد شامل ہیں۔آغاز س اَب تک کُل 1,123 کلیمز موصول ہوئے جن میں سے 930 کلیمز نمٹا دئیے گئے جس سے 18.39 کروڑ روپے تقسیم کئے گئے ہیں۔جموںوکشمیر بینک نے سب سے زیادہ کلیمز کی ادائیگی کی اور پریمیم کے مقابلے میں 204فیصد کلیمز کی منظوری دی۔
پی ایم جے جے بی وائی ( زِندگی کابیمہ)کے تحت 2 لاکھ روپے تک کا انشورنس فراہم کیا جاتا ہے۔پی ایم جے جے بی وائی میں اِندراج کے بارے میں یہ بات سامنے آئی کہ کشتواڑ اور کپواڑہ اَضلاع نے 2024-25 ء میں بالترتیب 170 فیصداور 140فیصد سے زیادہ ہدف حاصل کیا۔ مارچ 2025 ء تک مجموعی اِندراج 9.66 لاکھ رہا جب کہ سالانہ ہدف کا 94.89 فیصدمکمل کیا گیا۔ جموں ضلع میں سب سے زیادہ اندراج یعنی 2,33,455 اَفراد کا ریکارڈ رہا۔ آغاز سے لے کر اب تک 2,996 کلیمز موصول ہوئے جن میں سے 2,296 کلیمز کی اَدائیگی ہو چکی ہے جس پر 45.90 کروڑ روپے خرچ کئے گئے۔اَٹل پنشن یوجنا (اے پی وائی) کے تحت غیر منظم شعبے کے کارکنوں کے لئے 60 برس کے بعد 1,000 سے 5,000 روپے ماہانہ پنشن کی ضمانت دی جاتی ہے۔ اِس سکیم کے تحت گزشتہ پانچ برسوں میں اِندراج میں 148فیصد اضافہ ہوا اور اَب 2.48 لاکھ اَفراد اِس سے مستفید ہو رہے ہیں۔
کشتواڑ اور راجوری اضلاع نے2024-25ء میں بالترتیب 64.57فیصد اور 64.39فیصد سالانہ ہدف حاصل کیا۔ مجموعی طور پر سالانہ ہدف کا 40.52فیصد مکمل کیا گیا جب کہ کُل اِندراج 2.48 لاکھ رہا۔ 2011 کی مردم شماری کی بنیاد پر سب سے زیادہ اندراج ضلع سانبہ (5.8فیصد) میں ہوا اور اس کے بعد جموں (5.4فیصد) کا نمبر آیا۔یہ تمام سکیمیں حکومت کے جامع مالی اور سماجی شمولیت کے عزم کو ظاہر کرتی ہیںجو شہریوں کے لئے محفوظ اور خوشحال مستقبل کو یقینی بنانے کی کوشش ہے۔










