چیف سیکرٹری نے جموں وکشمیر میں بڑی شاہراہوں اور ٹنلوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا

جموں//چیف سیکر ٹری اَتل ڈولو نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں پروجیکٹ بیکن، پروجیکٹ سمپارک، این ایچ اے آئی، این ایچ آئی ڈِی سی ایل اور محکمہ تعمیراتِ عامہ (آر اینڈ بی) کی جانب سے جموں و کشمیر بھر میں جاری بڑی شاہراہوں اور سڑکوں کے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ تعمیراتِ عامہ،صوبائی کمشنر جموں ، صوبائی کمشنر کشمیر ،سیکرٹری ٹرانسپورٹ، چیف اِنجینئر (ورکس)، ریجنل آفیسر این ایچ اے آئی، پروجیکٹ بیکن اور پروجیکٹ سمپارک کے چیف اِنجینئروںاور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی جبکہ تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں نے بذریعہ ویڈیوکانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔چیف سیکر ٹری نے یونین ٹیریٹری میں جاری تمام بڑی شاہراہوں کا پروجیکٹ وار اور پیکیج وار جائزہ لیا۔ اُنہوں نے تکمیل کے لئے تفصیلی ٹائم لائنز طلب کیں اور ایجنسیوں کو درپیش رُکاوٹوں کے بارے میں اِستفسار کیا۔اُنہوں نے ہدایت دی کہ تعمیراتی مواد نکالنے کی اِجازت سختی سے یقینی بنائی جائے اور اسے صرف متعلقہ منصوبوں کے لئے اِستعمال کیا جائے۔ ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ معاوضے کے معاملات میں تیزی لائیں اور بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ تمام پروجیکٹ پیکیجوںپر بیک وقت کام کرنے کے لئے عمل آوری ایجنسیوں کو اراضی کی فوری فراہمی میں آسانی ہو۔ اُنہوں نے جہاں ضرورت ہو وہاں جنگلات کی منظوری فوری دینے پر زور دیا۔دونوںصوبائی کمشنروں کو کہا گیا کہ عمل آوری ایجنسیوں کے ساتھ باقاعدگی سے رابطہ رکھیں، مسائل فوری حل کریں اور کام کی رفتار برقرار رکھیں۔ چیف سیکرٹری نے اِس بات پر زور دیا کہ اِنتظامیہ تمام ضروری سہولیات فراہم کرے گی لیکن ایجنسیاں مقررہ ٹائم لائنز پر سختی سے عمل کریں۔محکمہ تعمیراتِ عامہ کو ہدایت دی گئی کہ وہ نئے ڈِی پی آرز کو حتمی شکل دے کر اُن پر عمل کیا جائے کہ یہ اہم پروجیکٹ تیزی سے ٹینڈرنگ اور عمل درآمد کے مراحل تک جا سکیں۔میٹنگ میں متعدد اہم سڑک منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جن میں سری نگر۔بارہمولہ ۔ اُرڈی، کھنہ بل۔بال تل روڈ ، پیر کی گلی اور سادھنا ٹنلوں کا الائنمنٹ ، اَکھنور۔پونچھ روڈ، این ایچ۔144اے کی ڈریجنگ کی اجازت، منگام۔دودھ پتھری۔شوپیاں۔پونچھ روڈ، دہلی۔امرتسر۔کٹرہ ایکسپریس وے، کالوچک۔پرمنڈل۔دومیل روڈ، فورتھ توی برج جموں شامل ہیں۔چیف سیکرٹری نے این ایچ۔44 کے ساتھ ساتھ ٹنل منصوبوں سمیت کاموں کو تیز کرنے پر خصوصی زور دیا۔ اُنہوں نے ناشری ۔ چنانی سڑک روڈبراستہ پتنی ٹاپ، ماروگ۔ڈگڈول ٹنل، ڈگڈول تا خونی نالہ ٹنل، مکرکوٹ تا شیر بی بی ٹنل کے کام کا جائزہ لیا۔بانہال تا رام بن حصے کی دسمبر کے آخر تک بلیک ٹاپنگ پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی گئی۔ صوبائی کمشنر جموں کو ہدایت دی گئی کہ وہ ان کاموں کی باریک بینی سے نگرانی اور باقاعدہ پیش رفت رِپورٹ پیش کریں۔میٹنگ میں جموں اور سری نگرکے میٹرو پولیٹن رِنگ روڈ منصوبوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس دوران زمین سے متعلق مسائل، تعمیراتی پیش رفت اورکنکٹویٹی کی ضروریات پر گفتگو کی گئی۔ جموں میں ٹنل کی تکمیل اور سری نگر رِنگ روڈ کو ایئرپورٹ اور سنبل سے وائیل تک جوڑنے کے منصوبوں پر بھی تفصیلی بحث و تمحیص ہوئی اور کام کی رفتار بڑھانے کی ہدایات دی گئیں۔اَتل ڈولو نے این ایچ آئی ڈِی سی ایل کے متعدد منصوبوں کا بھی جائزہ لیاجن میں جموں۔اَکھنور روڈ، بھگوتی چوک تا کنال ہیڈ تک رائیڈنگ سرفیس کی بہتری، چنانی ۔سدھ مہادیو روڈ ، گوہا۔کھیلانی روڈ، کھیلانی ۔ کھنہ بل سٹریچ، زوجیلا ٹنل اور زیر غور نظرثانی شدہ ڈِی پی آرز شامل ہیں۔ میٹنگ میں این ایچ اے آئی میں زیر غور نئے ڈی پی آرز کا بھی جائزہ لیا گیا جن میں نیا فورتھ توی برج، جموں رِنگ روڈمرحلہ دوم،چنانی ۔ناشری ٹنل کی چھ لیننگ،سری نگر رِنگ روڈ مرحلہ سوم ، سنبل۔بانڈی پورہ۔گریز روڈ، سری نگر ۔ قاضی گنڈ ہائی سے پر سروس روڈ ، کٹھوعہ۔بسوہلی۔بنی۔بفیار۔ڈوڈہ روڈ اور جموںوکشمیر بھر کے دیگر کئی منصوبے شامل ہیں۔ میٹنگ میںاہم آر اینڈ بی پروجیکٹوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا جن میں پلوامہ، کولگام اور شوپیاں کے بائی پاس، صنعت نگر فلائی اوور، ٹینگہ پورہ میں سروس روڈ، چھانہ پورہ اور ٹینگہ پورہ کے پُل شامل ہیں۔ نئے منصوبوں جن پر تبادلہ خیال کیا گیا ان میں پارم پورہ ۔ شالہ ٹینگ فلائی اوور ، پرانا پادشاہی باغ پُل، لال چوک۔پارم پورہ فلائی اوور اور متعدد دیگر کنکٹویٹی پروجیکٹ شامل ہیں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ یہ تمام منصوبے جموں و کشمیر میں آواجاہی، اِقتصادی ترقی اور علاقائی رابطے کو بہتر بنانے کے لئے انتہائی اہم ہیں۔ اُنہوں نے تمام محکموں اور ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ ہرپیکیج کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے اور تمام رُکاوٹوں کو جلد از جلد دور کرنے کے لئے قریبی تال میل سے کام کریں۔