Atal Dulloo

چیف سیکرٹری نے جموں وکشمیر میں الیکٹرانک روڈ سیفٹی اَنفورسمنٹ کی عمل آوری کا جائزہ لیا

مؤثرٹریفک مینجمنٹ اور ٹیکنالوجی پر مبنی بنانے کیلئے آئی ٹی ایم ایس اور آئی ٹی ایل ایس کے مکمل اِستعمال کی ہدایت

جموں// چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر میں روڈ سیفٹی کے لئے الیکٹرانک انفورسمنٹ سسٹم کی عمل آوری اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا تاکہ ٹریفک مینجمنٹ میں بہتری لائی جائے اورلوگوں کو زیادہ سہولت میسر ہو۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری داخلہ ، کمشنر سیکرٹری مکانات و شہرترقی محکمہ (ایچ اینڈ یو ڈِی ڈِی )، اِنسپکٹر جنرل آف پولیس (ٹریفک)، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، ٹرانسپورٹ کمشنر اور دیگر متعلقہ سینئر اَفسران موجود تھے۔چیف سیکریٹری نے اِنٹلی جنٹ ٹریفک سسٹم کے مؤثر اِستعمال پر زور دیتے ہوئے ٹریفک محکمہ کو ہدایت دی کہ جموں اور سری نگر میں اِنٹگریٹیڈ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم ( آئی ٹی ایم ایس ) اورانٹلی جنٹ ٹریفک لائٹ سسٹم ( آئی ٹی ایل ایس )کا بھرپور اِستعمال یقینی بنایا جائے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ سسٹم ٹریفک مینجمنٹ کو جدید بنانے، اِنسانی مداخلت کم کرنے اور ٹریفک قوانین کی عمل آوری کو زیادہ مؤثر بنانے کے لئے متعارف کئے گئے تھے۔اَتل ڈولونے ان سسٹمزکے کم استعمال پر تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال اس بنیادی مقصد کے خلاف ہے جس کے لئے یہ جدید اِنفراسٹرکچربنایاگیا تھا۔ اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ اِنٹگریٹیڈ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم ( آئی ٹی ایم ایس ) اورانٹلی جنٹ ٹریفک لائٹ سسٹم ( آئی ٹی ایل ایس ) کی فوری بحالی، اَپ گریڈیشن اور مکمل آپریشنلائزیشن کو یقینی بنایاا جائے تاکہ شہریوں کو آسان اور بغیر کسی رُکاوٹ ٹریفک سہولیات فراہم کی جاسکیں۔اُنہوں نے جموں و سری نگر میں نصب کیمروں اور ٹریفک لائٹس کے کام کاج کا جائزہ لیتے ہوئے ناقص ہارڈویئر کی مرمت، تبدیلی اور دوبارہ اِنسٹال کرنے کی ہدایت دی تاکہ نظام بہتر اور مستقل طور پر کام کرے۔
چیف سیکرٹری نے دیہی آئی ٹی ایم ایس کے بارے میں اننت ناگ، بارہمولہ، کٹھوعہ، اودھمپور، سانبہ اور دیگر اضلاع جیسے اہم چوراہوںتک الیکٹرانک ٹریفک مینجمنٹ کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا کہ اس طرح کے نظام ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے، بھیڑ کم کرنے اور اہم مقامات پر حفاظت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں جبکہ شاہراہوں کی تعمیر جاری رہنے کے باوجود نظام کی کارکردگی متاثر نہیں ہونی چاہیے۔کمشنر سیکرٹری مکانات و شہری ترقی محکمہ مندیپ کور نے میٹنگ کو بتایا کہ تمام موجودہ آئی ٹی ایل ایس چوراہوں کی مکمل بحالی اور جدید کاری کیلئے 1.88 کروڑ روپے کی ڈِی پی آر تیار کی گئی ہے۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ تمام آئی ٹی ایل ایس اور آئی ٹی ایم ایس چوراہوں کو دسمبر 2025ء تک مکمل طور پر فعال بنایا جائے گا۔آئی جی ٹریفک ایم سلیمان چودھری نے موجودہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جموں اور سری نگر میں آئی ٹی ایم ایس کو 2024 میں فعال کیا گیا تھا جس کے تحت جموں میں 44 چوراہوں پر 552 کیمرے اور سری نگر میں 68 چوراہوں پر 828 کیمرے نصب کئے گئے تھے۔ تاہم اُنہوں نے بتایا کہ سسٹم لائسنس کی میعاد ختم ہونے کی وجہ سے سری نگر میں خدمات متاثر ہوئی ہیں۔آئی ٹی ایل ایس کے حوالے سے بتایا گیا کہ جموں کے 64 مقامات میں سے 21 مقامات سڑک کی توسیع کے باعث بند ہیں جبکہ سری نگر کے 66 مقامات میں سے 5 بند اور 57 اِس وقت ٹھیک سے کام کر رہی ہیں۔میٹنگ کومزید بتایا گیا کہ ٹریفک قوانین کی عمل آوری موٹر وہیکلز ڈیپارٹمنٹ اور پولیس مشترکہ طور پرکر رہے ہیں جبکہ عدلیہ بطور اپیلیٹ اتھارٹی کام کرتی ہے۔دورانِ میٹنگ زیر بحث مجوزہ اَنفورسمنٹ فریم ورک میں شواہد پر مبنی مکمل ڈیجیٹل نفاذ، حقیقی وقت کا ڈیٹا استعمال کرتے ہوئے فیصلہ سازی، بہتر بین ایجنسی کوآرڈی نیشن ہم آہنگی میں اضافہ، خطرناک پہاڑی علاقوں میں خصوصی اقدامات اور متعلقین کے لئے تربیت و بیداری پروگراموں کو مضبوط بنانا شامل ہے۔چیف سیکرٹری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ٹیکنالوجی کا اِستعمال کرتے ہوئے ٹریفک گورننس کو مزید محفوظ، مؤثر اور شفاف بنایا جائے گا تاکہ لوگوںکو بہتر خدمات اور زیادہ سہولیت میسر ہو سکے۔