سری نگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے آج جموں و کشمیر میں پی ایم وشوکرما یوجنا کی عمل آوری کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں رجسٹرڈ اِستفادہ کنندگان کے لئے کریڈیٹ لنکیج کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت وِکرم جیت سنگھ؛ سیکرٹری محکمہ محنت و روزگار کمار راجیورنجن، ایگزیکٹو ڈائریکٹرجے اینڈ کے بینک؛ ڈائریکٹر ان صنعت و حرفت کشمیر ، جموں اور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ چیف سیکرٹری نے زور دیا کہ کم از کم 70,000 سے 80,000 مستفیدین کو مالیاتی اِداروں کے ساتھ کریڈٹ لنکیج کے دائرے میں لایا جانا چاہیے تاکہ وہ اَپنے کاروبار کو تجارتی سطح پر وسعت دے سکیں۔اُنہوں نے متعلقہ محکموں اور بینکوں کو ہدایت دی کہ وہ قرضوں کی منظوری اور وقت پر رقم کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے قریبی تال میل سے کام کریں۔ چیف سیکرٹری نے مضبوط رَسائی کی ضرورت کو اُجاگر کرتے ہوئے اَفسران کو ہدایت دی کہ پورے یونین ٹیریٹری کے ہر گوشے میں عوامی بیداری مہم چلائی جائے تاکہ دست کاروں اور کاریگروں کو سکیم کے مکمل فوائد سے آگاہ کیا جا سکے۔اُنہوں نے کہا کہ بلاک سطح پر کامن سروس سینٹروں ( سی ایس سیز) کو استعمال کرتے ہوئے ان لوگوں کے لئے تربیتی پروگرام منعقد کئے جائیں جنہیں ٹول کِٹس دی گئی ہیں تاکہ وہ سکیم کی مدد سے کامیاب کاروباری بننے کے اِمکانات سے پوری طرح آگاہ ہوں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ صرف ٹول کٹس کی تقسیم اور تربیت کافی نہیں ہے بلکہ مستفیدین کی مسلسل رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے مقامی کامیابی کی داستانیں دکھانے کی تجویز دی تاکہ دست کاروں کو قابلِ عمل کاروباری منصوبے قائم کرنے اور دوسروں کے لئے روزگار پیدا کرنے کی تحریک ملے۔کمشنر سیکرٹری وِکرم جیت سنگھ نے سکیم کے تحت پیش رفت پیش کی اور بتایا کہ جموں و کشمیر یونین ٹیریٹریز میں پہلے نمبر اور تمام ریاستوں اور یوٹیز میں مجموعی طور پر نویں نمبر پر ہے جہاں 1,54,881 کامیاب رجسٹریشنز ہوچکی ہیں۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ یہ یونین ٹیریٹری قومی سطح پر آٹھویں نمبر پر ہے جہاں 1,42,175 ٹول کِٹس منتخب کی گئیں اور 64,936 مستفیدین کو فراہم کی گئیں تاکہ کاریگروں کو جدید آلات سے لیس کیا جا سکے تاکہ وہ اَپنے ہنر کو مزید بہتر بنا سکیں۔سیکرٹری محنت و روزگار کمار راجیو رنجن نے ہنرکی تربیت کے حوالے سے بتایا کہ یونین ٹیریٹری ملک میں 1,32,571 ہنر کی تربیت مکمل کرنے کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے، جو مضبوط سکل ڈیولپمنٹ کی عکاسی کرتا ہے۔کریڈِٹ لنکیج کے بارے میں میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ جموں و کشمیر قومی سطح پر قرضوںکی منظوری میں گیارہویں نمبر پر ہے جس میں 13,787 کیسز منظور کئے گئے اور 8,867 کیسز کی رقم جاری کی گئی جس سے کاریگروں کے کاروبار میں 83 کروڑ روپے سے زائد کا سرمایہ فراہم کیا گیا۔چیف سیکرٹری نے ان کامیابیوں کو سراہا لیکن کریڈِٹ کی رَسائی کو مزید مضبوط بنانے اور کاریگروں کو خود کفیل کاروباری بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔پی ایم وشوکرما یوجنا ایک مرکزی سرکاری سکیم ہے جو 18 روایتی ہنر کے شعبوں میں کام کرنے والے دست کاروں اور کاریگروں کو مکمل مدد فراہم کرنے کے لئے بنائی گئی ہے۔ اِس سکیم کے تحت پی ایم وشوکرماسرٹیفکیٹ اور شناختی کارڈ، ہنر کی اَپ گریڈیشن، 15,000 روپے کے ٹول کٹ انعام اور 3 لاکھ روپے تک بغیر ضمانت قرض کی سہولیت فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ اَپنا کاروبار قائم اور بڑھا سکیں۔










