چیف سیکرٹری نے جموں اور سری نگر شہروں میں این سی اے پی کی عمل آوری کی پیش رفت کا جائزہ لیا

چیف سیکرٹری نے جموں اور سری نگر شہروں میں این سی اے پی کی عمل آوری کی پیش رفت کا جائزہ لیا

سری نگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے سول سیکرٹریٹ میں یو ٹی سطح کی اپیکس کمیٹی میٹنگ کی صدارت کی جس میں دونوں شہروں جموں اور سری نگر میں نیشنل کلین ایئر پروگرام (این سی اے پی) کی عمل آوری کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنگلات ، کمشنر سیکرٹری مکانات و شہری ترقی محکمہ ، صوبائی کمشنر کشمیر ، پی سی سی ایف جموں و کشمیر ، سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ،صوبائی کمشنر جموں ، جے ایم سی اور ایس ایم سی کے کمشنران اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ چیف سیکرٹری نے تمام متعلقہ شراکت داروںپر زور دیا کہ وہ فضائی آلودگی کی روکتھام، کنٹرول اور اس میں کمی لانے کے تخفیفی اَقدامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے اُن پر زور دیا کہ وہ خلوص نیت سے کام کریں تاکہ تمام اہداف کو بروقت حاصل کیا جاسکے ۔اُنہوں نے فضائی آلودگی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے بالخصوص شہری علاقوں میں این سی اے پی کی اہمیت کو اُجاگر کیا ، پروگرام کے مطلوبہ نتائج کے حصول کے لئے تمام محکموں اورشراکت داروں کی طرف سے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔چیف سیکرٹری نے آلودگی پر قابو پانے کے اَقدامات پر عمل درآمد، نگرانی کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے، صنعتوں اور گاڑیوں کے لئے اخراج کے اصولوں کے نفاذ، صاف ستھری ٹیکنالوجیوں کے فروغ اور عوامی بیداری مہمات پر بھی زور دیا۔اُنہوں نے این سی اے پی کے مطلوبہ نتائج کے حصول کے لئے ٹائم لائنز اور کوالٹی بینچ مارکس کی پابندی کی اہمیت پر زور دیا۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری نے دونوں دارالخلافائی شہروں کے ہرپروجیکٹ کا بھی لیا اور اَب تک کئے گئے تمام اخراجات کا تفصیلی تجزیہ لیا۔اُنہوں نے تمام زیرِ اِلتوأ کاموں کو مکمل کرنے کے لئے انتھک کوششیں کرنے پر زور دیا۔ اُنہوں نے تمام متعلقہ شراکت داروں کو ہدایت دی کہ وہ اِس پروگرام کے تحت باقی ماندہ کاموں کی ٹینڈرنگ اور دیگر اِبتدائی عمل کو تیز کریں۔ دورانِ میٹنگ پی سی سی ایف نے پرزنٹیشن کے ذریعے میٹنگ کو جموں اورسری نگر شہروں میں اس پروگرام کی عمل آوری میں اَب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔