جموں//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے آج ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں صحت و طبی تعلیم محکمہ کے تحت گورنمنٹ میڈیکل کالجوں ، ڈینٹل کالجوں، آیورویدک اور یونانی کالجوں میں اَنڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ سیٹوںمیں توسیع کا تفصیلی جائزہ لیا۔میٹنگ میں سیکرٹری صحت و طبی تعلیم محکمہ، ڈائریکٹرسکمز، سرکاری میڈیکل کالجوں کے پرنسپل، ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ چیف سیکرٹری نے گزشتہ تعلیمی سال کے دوران بڑھائی گئی ایم ڈی/ایم ایس، ڈی ایم/ایم سی ایچ، ڈی این بی اور ایم ڈی ایس سیٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور آئندہ سیشن میں مزید توسیع کے لئے میڈیکل کالجوں کی روڈ میپ پر بھی غوروخوض کیا۔ اُنہوں نے یونین ٹیریٹری میں سپر سپیشلٹی صحت خدمات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دو سپر سپیشلٹی ہسپتالوں اورسکمز میڈیکل کالج کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ تعلیمی سال سے ڈِی ایم اور ایم سی ایچ نشستیں مختص کریں۔اَتل ڈولو نے مختلف میڈیکل کالجوں کے لئے منظور کی گئی اضافی ایم بی بی ایس نشستوں کا بھی جائزہ لیا اورباقی اداروں پر زور دیا کہ وہ نیشنل میڈیکل کمیشن (این ایم سی) کے ذریعہ درخواست پورٹل کھولتے ہی اضافی 50 ایم بی بی ایس نشستوں کے لئے درخواست دیں۔ اُنہوں نے میٹنگ کو بتایا کہ پورٹل کھلنے کے فوراً بعد کالج وائز جائزہ لیا جائے گا تاکہ پیش رفت کی نگرانی اور بروقت درخواستوں کی تکمیل یقینی بنائی جاسکے۔اُنہوںنے سرکاری ڈینٹل کالجوں،جموں اور سری نگر کے پرنسپلوں کو بھی ہدایت دی کہ وہ نئے ایم ڈِی ایس کورسوں کومتعارف کرنے اور نشستوں میں اضافے کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں۔ اُنہوں نے آیورویدک اور یونانی کالجوں کو بھی ہدایت دی کہ وہ اَپنے اِداروں میںمیں نشستوں کو بڑھانے کے لئے سرگرم عمل رہیں۔
سیکرٹری صحت و طبی تعلیم محکمہ ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے میٹنگ کو بتایا کہ ہر میڈیکل ادارے نے یوجی اور پی جی نشستوں کو بڑھانے کے لئے ایک نوڈل آفیسرنامزد کیا ہے تاکہ این ایم سی کے اصولوں کی سختی سے تعمیل اور قانونی تقاضوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوں نے بتایا کہ گزشتہ تعلیمی سال کے دوران جموں و کشمیر کے میڈیکل کالجوں میں 128 ایم ڈی ،ایم ایس نشستیں، 46 ڈِی این بی نشستیں اور 2 ڈی ایم ، ایم سی ایچ نشستیں بڑھائی گئیں جبکہ 2026-27 سیشن کے لئے ادارے 284 ایم ڈِی ، ایم ایس ، 35ڈِی این بی اور 36 ڈِی ایم ، ایم سی ایچ سیٹیں شامل کرنے کی تجویز کر رہے ہیں۔سیکرٹری نے ایم بی بی ایس داخلوں کے حوالے سے بتایا کہ اننت ناگ، بارہمولہ، راجوری اور ڈوڈہ کے گورنمنٹ میڈیکل کالجوں کے لئے 50، 50 اضافی نشستیں منظور کی گئیں جبکہ گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر اور گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کے لئے 20، 20 نشستیں بڑھائی گئیں۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ جی ایم سی اودھمپور، راجوری، ہندواڑہ اور سکمز بمنہ آئندہ سیشن میں 50 اضافی ایم بی بی ایس نشستوں کے لئے درخواست دینے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ڈائریکٹر سکمزڈاکٹر محمد اشرف گنائی نے میٹنگ کو جانکاری دی کہ ادارہ این ایم سی کی آئندہ درخواست وِنڈو کے دوران نشستوں میں نمایاں اضافہ کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سکمز آئندہ تعلیمی سال میں تقریباً 130 پوسٹ گریجویٹ اور 50 اَنڈر گریجویٹ نشستوں کے لئے درخواست دے گا اور اُنہیں یقین ہے کہ تمام ریگولیٹری تقاضے پورے کئے جائیں گے۔میڈیکل اِداروں کے پرنسپلوں نے بھی یوجی او رپی جی سیٹوں کو بڑھانے کے لئے اَپنی اَپنی منصوبہ بندی پیش کی اور یقین دہانی کی کہ این ایم سی پورٹل کھلتے ہی درخواستیں بروقت جمع کی جائیں گی۔










