جموں//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے توی بیراج پروجیکٹ کے مقام کا دورہ کیا تاکہ توی بیراج اور ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ پر جاری کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔ یہ دورہ دریائے توی کے ساتھ زیر عمل بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے جامع جائزہ کا حصہ تھا۔دورے کے دوران چیف سیکرٹری کے ہمراہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شالین کابرا، صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، کمشنر جموں میونسپل کارپوریشن اور سی اِی او جموں سمارٹ سٹی لمٹیڈ ڈاکٹر دیونش یادواورضلع ترقیاتی کمشنر جموں ڈاکٹر راکیش منہاس کے علاوہ متعلقہ محکموں اور عمل آوری ایجنسیوں کے سینئر اَفسران بھی تھے۔ اَتل ڈولو نے فیلڈ معائینے کے دوران دونوں بیراج ڈھانچوں کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور سائٹ پر تفصیلی میٹنگ کی صدارت کی تاکہ پروجیکٹ کے اہم اہداف کا جائزہ لیا جا سکے۔ اُنہیں بتایا گیا کہ توی بیراج کے تمام گیٹس نصب کئے گئے ہیں اور کام کر رہے ہیں اور ہائیڈرو میکنیکل کام ایک اعلی درجے کے مرحلے پر پہنچ گیا ہے۔اَفسران نے چیف سیکرٹری کو حالیہ سیلاب کے نقصانات سے درکا ر اِصلاحی کاموں کے بارے میں بھی بریف کیا۔ سیلابی واقعات نے بعض میکنیکل اور سول اجزأ کو متاثر کیا تھا جن کی بحالی اور مضبوطی کے کام فی الحال جاری ہیں۔میٹنگ میں توی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کا بھی جائزہ لیا گیاجو دریا کے دونوں کناروں پر بیک وقت ترقی کر رہا ہے۔ چیف سیکرٹری نے پروجیکٹ کی مقررہ ٹائم لائنز پر عمل درآمد پر زور دیا اور عمل آوری کے نظام الاوقات اور معیار کے سخت نگرانی کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو بالخصوص دائیں کنارے کے کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ بیراج اور ریور فرنٹ دونوں حصوں کی بروقت تکمیل دریا ئی راہداری کے مربوط تجدید اور جموں کے شہری مناظرمے کو بڑھانے کے لئے ضروری ہے۔افسران نے چیف سیکرٹری کو جانکاری دی کہ جڑواں بیراج سسٹم، جو نکی اور وڈی توی چینلوں کا احاطہ کرتا ہے ، دریا کے بہاؤ کی بہتر نگرانی، متعدد نالوں کو روکے جانے اور کنٹرول شدہ آبی ذخیرے کی تخلیق کے قابل بنائے گا جو پروجیکٹ کے خوبصورتی اور سیلابی انتظام کے اجزأ میں مدد فراہم کرے گا۔ اس پروجیکٹ کا مقصد مستقبل کے سیلاب سے شہر کی مزاحمت کو مضبوط کرنا اور شہریوں و سیاحوں کے لئے تفریحی اور سیاحتی فوائد فراہم کرنا بھی ہے۔چیف سیکرٹری نے کہاکہ توی بیراج اور ریور فرنٹ پروجیکٹوںجموں سمارٹ سٹی مشن کے تحت فلیگ شپ اقدامات ہیں اور جموں کو ایک جدید، دیرپا اور ماحولیاتی طور پر متوازن شہری مرکز میں تبدیل کرنے کی جانب اہم قدم ہیں۔ انہوں نے تمام عمل آوری ایجنسیوں کو قریبی ہم آہنگی برقرار رکھنے اور حفاظتی اور ماحولیاتی معیار کی سخت پابندی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔










