سری نگر / /چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے تحصیل سطح پر اِی۔ آفس 2.0 کی عمل آوری کاجائزہ لیا جس کا مقصد جموں و کشمیر کی تمام بنیادی اِنتظامی اِکائیوں میں بغیر کاغذ کے ایک مؤثر اور مربوط نظامِ حکمرانی قائم کرنا ہے۔ اِس منصوبے کا مقصد مرکزی خطے کے 207 تحصیلوں تک ڈیجیٹل گورننس کو وسعت دینا ہے۔ میٹنگ میں سیکرٹری آئی ٹی ، سی اِی او جے اے کے اِی جی اے ، ایس آئی او ، این آئی سی اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی جب کہ ضلع ترقیاتی کمشنروں نے بذریعہ ورچیول موڈ میٹنگ میں حصہ لیا۔ دوران میٹنگ چیف سیکرٹری نے ان دفاتر میں موجود پرانے ریکارڈ کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ ڈیٹاجو کاغذی فائلوں میں محفوظ ہے، نہایت قیمتی ہے اور اس کا تحفظ مستقبل کے لئے ضروری ہے تاکہ سرکاری امور کی روانی برقرار رہے۔اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ مقررہ مدت میں عوامی معاملات سے متعلق تمام فائلوں کی سکیننگ کے لئے منصوبہ تیار کریں تاکہ اِی۔ آفس پر مکمل منتقلی کے بعد سرکاری کام کاج میں کوئی رُکاوٹ یا بے ضابطگی نہ ہو۔
مزید برآں، اُنہوں نے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ اِی۔ آفس پر باقی رہ جانے والے تمام صارفین کی شمولیت کا عمل فوراً مکمل کیا جائے۔ اُنہوں نے ان صارفین کی صلاحیت سازی اور تربیت پر زور دیا تاکہ وہ عوامی مفاد کے اہم معاملات سے متعلق دفاتر میں مؤثر اور بہترین خدمات فراہم کر سکیں۔اِس موقعہ پرسیکرٹری آئی ٹی ڈاکٹر پیوش سنگلا نے اس سسٹم کے بے شمار فوائد بیان کئے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ سسٹم نہ صرف ماحول دوست ہے بلکہ خدمات کی تیز تر فراہمی اور فوری فیصلہ سازی کو یقینی بناتا ہے۔ اِس طرح سسٹم میں جوابدہی اور شفافیت میں اِضافہ ہوگا۔
سیکرٹری موصوف نے رول آؤٹ عمل کے بارے میں بتایا کہ اسے چار مراحل میں انجام دیا جا رہا ہے۔ یہ ِای میل اور وِی پی این کی سہولیات کو فعال کرنے کے لئے ایمپلائی ماسٹر ڈیٹا (اِی ایم ڈِی) کے جمع کرنے کے ساتھ شروع ہوا، یہ کام پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے۔اِس کے بعد سرکاری ای میل آئی ڈیز بنانے، صارفین کو نظام میں شامل کرنے اور این آئی سی نیٹ/وِی پی این رَسائی قائم کرنے کا کام کیا گیا تاکہ ریموٹ کنکٹویٹی یقینی ہو سکے۔جائزہ کے دوران یہ بھی اِنکشاف ہوا کہ اس منصوبے میں قابلِ ذکر پیش رفت ہوئی ہے کیوں کہ 20,517 صارفین کو آن بورڈ کیا گیاجو ہدف کا 95.28 فیصد ہے جبکہ 3,804 دفاتر کوبورڈ میں لایا گیا ہے جو 95.94 فیصد ہدف ہے۔ مجموعی طور پر 20,580 سرکاری اِی میل آئی ڈیز بنائی گئی ہیں اور 11,375 وِی پی این کنکشن قائم کئے گئے ہیں۔میٹنگ میں مزید یہ بھی بتایا گیا کہ 20 اَضلاع اور سول سیکرٹریٹ میں ہیلپ ڈیسک قائم ہو چکے ہیں اور اَب تک 220 سے زائد تربیتی سیشن محکمہ جاتی سربراہان، ضلع ترقیاتی کمشنروں اور عملے کے لئے منعقد کئے گئے ہیںتاکہ ان کی صلاحیت میں اِضافہ ہو اور نچلی سطح کے ان انتظامی دفاتر میں نظام کی عمل آوری ہموار ہو۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ عمل آوری کی نگرانی کے لئے ایک کثیر سطحی ٹیم قائم کی گئی ہے جس میں یوٹی،صوبائی اور ضلعی سطح پر ٹیمیں موجود ہیں۔ ان ٹیموں کی ذمہ داریاں واضح طور پر متعین ہیں تاکہ ہم آہنگی، تکنیکی مدد اور صارفین کی شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ یوٹی سطح پر اس کی نگرانی سیکرٹری آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کریں گے جبکہ ضلعی سطح پر ضلع ترقیاتی کمشنران اس کی سربراہی کریں گے۔آئندہ لائحہ عمل میں صد فیصد کوریج حاصل کرنے پر توجہ دی گئی ہے جس کے لئے صارفین کی شمولیت کا عمل تیز کرنا، ایسے دفاتر کو وِی پی این سہولیت فراہم کرنا جن کے پاس این آئی سی نیٹ رسائی نہیںاور ضلعی سطح پر مخصوص اِی اسکلیشن پروٹوکول مرتب کرنا شامل ہے تاکہ جموں و کشمیر بھر میں اِی آفس کا نظام بلا تعطل جاری رہ سکے۔










