بیس ہسپتال میں سہولیات اورجوائنٹ پولیس کنٹرول روم کے کام کاج کا معائینہ کیا
گاندربل//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے جاری شری اَمرناتھ جی یاترا۔ 2025 کے زمینی سطح پر اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے بال تل بیس کیمپ کا تفصیلی دورہ کیا۔اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری نے سول، پولیس اِنتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر اَفسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں یاتریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا بغور جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں بغیر کسی رُکاوٹ کے اور آرام دہ سفر کے تجربے کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ایڈیشنل ڈِپٹی کمشنر گاندربل سیّد فہیم بیہقی نے بال تل روٹ سے متعلق یاترا کے اِنتظامات کی تفصیل سے بریف کیا جس میں صحت و رہائش کی سہولیات، پانی و بجلی کی فراہمی، صفائی ستھرائی، سیلاب سے بچاؤ کے اَقدامات اور دیگر ضروری انتظامات شامل تھے۔چیف سیکرٹری نے سکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کے منصوبوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ ایس ایس پی گاندربل خلیل پوسوال نے سکیورٹی اَقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی، نگرانی کے جدید نظام، فیشل ریکگ نیشن سسٹم، سی سی ٹی وِی کوریج اور بروقت نگرانی کے لئے مربوط کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں۔اُنہیں بتایا گیا کہ چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ کے مؤثر نظام وضع کئے گئے ہیں تاکہ یاترا کے دوران بغیر کسی رُکاوٹ کے خدمات فراہم کی جا سکیں اورایمرجنسی حالات کا بروقت اَزالہ کیا جا سکے۔اَتل ڈولو نے تمام متعلقہ محکموں اور اِداروں کی ہم آہنگ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یاترا کی کامیابی اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے اَپنے عزم اور ہم آہنگی کو برقرار رکھیں۔ بعد میں چیف سیکرٹری اتل ڈولو نے بال تل بیس ہسپتال کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں طبی سہولیات، ایمرجنسی اَدویات کی دستیابی اور یاتریوں کے لئے صحت سہولیات کی مجموعی تیاری کا معائینہ کیا۔ اُنہوں نے طبی اور نیم طبی عملے سے بات چیت کی اور ان کی خدمات کو سراہا۔ اُنہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ میڈیکل عملہ، ایمبولینسز اور ضروری ادویات کی مناسب فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔اُنہوں نے جوائنٹ پولیس کنٹرول روم (جے پی سی آر) بال تل، موقعہ پر رجسٹریشن کاؤنٹر، خیمہ رہائش گاہوں اور لنگر ائیریاز کا بھی دورہ کیا۔ اُنہوں نے یاتریوں، خدمت فراہم کرنے والوں اور لنگر سیواداروں سے بات چیت کر کے سہولیات کے بارے میں روبرو تاثرات حاصل کئے۔ یاتریوں نے اِنتظامیہ کی کوششوں پر اطمینان کا اِظہار کیا اور بروقت اَقدامات کو سراہا۔چیف سیکرٹری کے ہمراہ سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری، ڈِی جی رورل سینی ٹیشن، ایس ایس پی گاندربل، اے ڈی سی گاندربل، کیمپ ڈائریکٹر بال تل اور سول و پولیس اِنتظامیہ کے دیگر سینئر اَفسران بھی تھے۔










