چیف سیکرٹری نے ایل جی رولنگ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا اِفتتاح کیا

جموں//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج یہاں شیر کشمیر کرکٹ سٹیڈیم سونہ وار میں یوٹی وائیڈ لیفٹیننٹ گورنر رولنگ ٹرافی کرکٹ2022 کا اِفتتاح کیا جو مشن یوتھ کے ذریعے یوتھ سروسز اور محکمہ کھیل کے اِشتراک سے منعقد کیا جارہا ہے ۔اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری نے حصہ لینے والے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نہ صرف خود کھیلیں بلکہ اَپنے بزرگوں کو بھی شامل کریں ۔ اُنہوں نے اُنہیں بتایا کہ کھیل میں حصہ لینا کھیل جیتنے یا ہارنے سے زیادہ اہم ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہر شریک ایک چمپئن ہے چاہے وہ جس کھیل میں حصہ لے رہا ہو اس کا نتیجہ کچھ بھی ہو۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے کہا کہ یہ ہم سب کے لئے خوشی کا دِن ہے کہ جموںوکشمیر کے تمام اَضلاع میں 38,000 نوجوانوں نے ابتدائی طور پر اِس ٹورنامنٹ کو کھیلنے کے لئے خود کو رجسٹر کیا ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ حکومت 33 لاکھ نوجوانوں کو مستقبل میں اَپنی دِلچسپی کا کوئی بھی کھیل کھیلنے کا ہدف دے گی۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ ہر فرد کو کسی بھی قسم کے کھیل یا ثقافتی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی سہولیت فراہم کی جائے ۔اُنہوں نے اعلان کیا کہ محکمہ ثقافت جلد ہی پورے جموںوکشمیر یوٹی میں ثقافتی تقریبات کا اِنعقاد کرنے جارہا ہے اور شریک نوجوانوں سمیت ہر ایک پر زور دیا کہ وہ موسیقی ، گائیکی ، رقص ، مصوری وغیرہ جیسے ثقافتی پروگراموں میں سے کسی میں بھی حصہ لیں۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے کہا کہ حکومت نے اِس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ہر پنچایت میں کھیل میدان ہو اور نوجوانوں کو اَپنی کھیل صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے سہولیات میسر ہوں۔اُنہوں نے کہا کہ اس وقت جموںوکشمیر میں تقریباً57 سٹیڈیم ہیں جوڈے اور نائٹ میچوں کے اِنعقاد کے لئے پور ی طرح سے لیس ہیں۔اُنہوں نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ سکولی تعلیم کے بعد وہاں کھیلیں اور رات کے اَوقات میں کھیل سے لطف اندوز ہوں۔اُنہوں نے وہاں موجود کھلاڑیوں سے بھی استفساری گفتگو کی اور ان سے ان کی دِلچسپی اور کھیل شعبوں کے بارے میں پوچھا۔اُنہوں نے ان سے اَپنے اَپنے علاقوں میں دستیاب کھیلوں کی سہولیات کی نوعیت اور معیار کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔اُنہوں نے اُنہیں اَچھا کھیلنے کا مشورہ دیا او رپورے ٹورنامنٹ میں ان کی اَچھی کارکردگی کے لئے نیک خواہشات کا اِظہا رکیا ۔چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے نوجوانوں سے منشیات کے خلاف کام کرنے کا عہد کروایا۔ اُنہوں نے لوگوں کو منشیات کا شکار ہونے سے روکنے اور خود کو اِس بدعت سے بچانے کی ترغیب دی۔ اُنہوں نے ان سے کہا کہ وہ اَپنی توانائی کو اَپنی پڑھائی او رکھیلوں میں زیادہ سے زیادہ ترقی کرنے کے لئے اِستعمال کریں۔ اُنہوں نے ان سے کہاکہ وہ یوٹی سے اِس وبا کو ختم کرنے کو اَپنا مقصد بنائیں۔اِس موقعہ پر بتایا گیا کہ ایل جی رولنگ ٹرافی حکومت کی طرف سے 19سے 35 برس کی عمر کے جموںوکشمیر کے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لئے اُٹھایا گیا ایک بڑا اقدام ہے۔ یہ بھی اِنکشاف ہوا کہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ نے اَب تک گیمز میں 13,84,993 نوجوانوں کی شرکت حاصل کر کے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ٹرافی کے حوالے سے کہا گیا کہ یہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ کے مطابق کھیلی جائے گی اور اسے تین درجے کی بنیاد پر کیا جارہا ہے ۔ ٹائر اوّل ( بنیادی سطح) پہلے ہی مکمل ہوچکا ہے کیوں کہ جموںوکشمیر یوٹی کے تمام 186 فزیکل ایجوکیشن زونز میں کرکٹ کے ٹرائلز مکمل ہوچکے ہیں۔186 فزیکل ایجوکیشن زونز سے 38,000 کرکٹروں نے اِس ٹورنامنٹ کے لئے اِندراج کیا جیسا کہ اِس ایونٹ کے دوران بتایا گیا۔اِسی طرح ٹائر دوم ( اِنٹرمیڈیٹ لیول ) میں ماہرین کی طرف سے منتخب زونل سطح کی ٹیمیں ٹائٹل کے لئے ضلعی سطح پر مقابلہ کریں گی ۔ مقابلوں کے دوران بہترین کھلاڑیوں کا اِنتخاب کیا جائے گا او رایک ضلعی ٹیم تشکیل دی جائے گی جو یوٹی سطح پر اس ضلع کی نمائندگی کرے گی۔ اِس موقعہ پر مزید بتایا گیا کہ ٹرافی کے آخری مرحلے ( ٹائر سوم ) میں 20اَضلاع کی 20ٹیمیں اعلیٰ سطح پر مقابلہ کریں گی ۔ یوٹی سطح پر ٹرافی میں حصہ لینے والی ٹیموں کو بورڈنگ، قیام و طعام، ریفریشمنٹ اور سامان فراہم کیا جائے گا ۔ ٹرافی کو اَب تک زبردست رسپانس ملا ہے اور کھیل شائقین بالعموم اور جموں وکشمیر یوٹی کے جغرافیہ میں کرکٹ شائقین بالخصوص نے یوٹی حکومت کے اِس اقدام کو سراہا ہے۔اِس موقعہ پر جو لوگ موجودتھے ان میں صوبائی کمشنر کشمیر ، سی اِی او مشن یوتھ ، سیکرتری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس، ضلع ترقیتی کمشنر سری نگر ، ڈائریکٹر یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ، سیکرٹری سپورٹس کونسل اور محکمہ کئی دیگر افسران شامل ہیں۔ اِس ٹورنامنٹ کا اِفتتاحی میچ دیکھنے کے لئے مختلف ٹیموں کے کھلاری اور طلباء کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔