سرینگر //جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری اتل ڈولو نے ایل او سی پر واقع شاردہ مندر، ٹیٹوال کا دورہ کیا۔ یہ موجودہ چیف سکریٹری کا ایل او سی کا پہلا دورہ تھا۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر کپوارہ سری کانت سوسے، ایس ایس پی کپوارہ غلام گیلانی اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔چیف سکریٹری اور ان کی اہلیہ نے مندر میں حاضری دے کر پوجا کی۔کشمیر پریس سروس نمائندہ پیرزادہ سعید کے مطابق شاردہ کمیٹی کے کوآرڈینیٹر اعجاز خان نے مندر میں ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر “سیو شاردہ کمیٹی” کے چیئرمین رویندر پانڈتا نے چیف سکریٹری کے دورے کو سراہتے ہوئے کہا: “میں آتل ڈولو جی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہماری کاوشوں کو سراہا۔”چیف سکریٹری کو شاردہ شال پیش کی گئی اور رویندر پانڈتا کی تصنیف کردہ کتاب کی ایک کاپی بھی اعجاز خان کی جانب سے پیش کی گئی۔ اعجاز خان نے چیف سکریٹری سے یاتری نواس اور دیگر سہولیات کی فراہمی کی درخواست بھی کی۔










