اِنصاف اور قانونی بیداری تک رَسائی کو مضبوط بنانے کیلئے ایک اِجتماعی عزم
جموں//چیف جسٹس جموں وکشمیر او رلداخ ہائی کورٹ اور سرپرست اعلیٰ جے اینڈ کے لیگل سروسز اتھارٹی جسٹس ارون پلی نے جموں و کشمیریوٹی خطے میں اِنصاف تک رَسائی کوتقویت دینے اور قانونی بیداری کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم کے طور پر آج جموں و کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی کا ایکٹیویٹی کیلنڈر (وال کیلنڈر) 2026 جاری کیا۔ اِس موقعہ پر ایگزیکٹیو چیئرمین جموں و کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی جسٹس سنجیو کمار، ، جسٹس رجنیش اوسوال، جسٹس سنجے دھر، جسٹس محمد اکرم چودھری، جسٹس وسیم صادق نرگل، جسٹس راجیش سیکھری اور جسٹس سنجے پریہار، جموںوکشمیر او رلداخ ہائی کورٹ کے حج صاحبان موجود تھے۔ ایکٹیویٹی کیلنڈر 2026 کا اجرا ٔ جموںوکشمیر یوٹی خطے میں سال بھر کے دوران انجام دِی جانے والی قانونی خدمات کی سرگرمیوں کے لئے ایک منظم اور مربوط روڈ میپ بنانے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ اِس کیلنڈر میں قومی اور خصوصی لوک عدالتیں، قانونی بیداری اور عوامی رَسائی کی سرگرمیاں، قانونی اِمداد سے وابستہ فریقین کے لئے تربیتی پروگرام، بہتر رَسائی کے لئے ہیلپ لائن خدمات اور متبادل تنازعات کے حل کے نظام کو مضبوط بنانے کے لئے مختلف اقدامات شامل ہیں۔چیف جسٹس نے کیلنڈر جاری کرتے ہوئے جموں و کشمیر لیگل سروسز اَتھارٹی کی مسلسل کوششوں کو سراہا کہ وہ قانونی اِمداد اور اِنصاف کی فراہمی کے نظام کو معاشرے کے محروم، کمزور اور پسماندہ طبقات تک مؤثر انداز میں پہنچانے کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ سرگرمیوں کا یہ کیلنڈر تمام قانونی خدمات کے اِداروں اور عملہ کے لئے رہنمائی اور نگرانی کا ذریعہ ثابت ہوگا تاکہ قانونی اِمداد کی پہل کاریوں کو بروقت اور مؤثر طریقے سے عملانے کو یقینی بنایا جا سکے جیسا کہ اِنصاف تک رَسائی کے آئینی حکم کے مطابق ہونا چاہیے۔اِس موقعہ پر ایگزیکٹیو چیئرمین جموں و کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی نے قانونی خدمات کے پروگراموں کی منظم منصوبہ بندی اور مربوط عمل درآمد کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ ا ُنہوں نے کہا کہ ایکٹیویٹی کیلنڈر قانونی خواندگی کے پروگراموں، لوک عدالتوں، متاثرین کی معاونت کے اَقدامات، جیلوں میں قانونی اِمداد کی سرگرمیوں اور قانونی خدمات کو پورے یونین ٹیریٹری خطے میں منظم انداز میں انجام دینے کے لئے ایک مؤثر حکمتِ عملی کے طور پر کام کرے گا۔ایکٹیویٹی کیلنڈر 2026 خصوصی طور پر ترجیحی شعبوں پر زور دیتا ہے جن میں قیدیوں کو قانونی اِمداد کی فراہمی، خواتین اور بچوں کو بااِختیار بنانا، سائبر قوانین سے متعلق بیداری، ماحولیاتی اِنصاف، جرائم کے متاثرین کی بحالی اور نیشنل لیگل سروسز اَتھارٹی (این اے ایل ایس اے) کی طرف سے شروع کی گئی خصوصی مہمات پر عمل درآمد شامل ہے۔اس تقریب میں رجسٹرار جنرل ایم کے شرما، ممبر سیکرٹری جموںوکشمیر لیگل سروسز اتھارٹی شازیہ تبسم، ڈائریکٹر جموںوکشمیر جوڈیشل اکیڈیمی نصیر احمد ڈار،رجسٹرار ویجی لنس راجیو گپتا، اور ہائی کورٹ رجسٹری کے دیگر اَفسران نے بھی شرکت کی جنہوں نے قانونی اِمدادی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی اور نفاذ میں جے اینڈ کے لیگل سروسز اتھارٹی کے جامع اور مستقبل بین نقطہ نظر کی سراہنا کی۔ایکٹیویٹی کیلنڈر 2026 کی نقاب کشائی اس بات کی توثیق کرتی ہے کہ جموں و کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی قانونی بیداری کو بڑھانے ، انصاف کی فراہمی کے نظام کو مضبوط بنانے اور سماجی و اِقتصادی پس منظر سے قطع نظر قانونی خدمات ہر شہری کے لئے قابل رَسائی، قانونی خدمات کو قابلِ رسائی، جامع اور مؤثر بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔










