چیف الیکٹورل آفیسر نے اودھمپور پارلیمانی حلقہ کیلئے اِنتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا

کٹھوعہ//چیف الیکٹورل آفیسرجموںوکشمیر (سی اِی او) پانڈورانگ کے پولے نے آج ضلع الیکشن اَفسروں (ڈِی اِی اوز)، الیکٹورل رجسٹریشن اَفسروں (اِی آر اوز) اور اودھمپور پارلیمانی حلقہ کے اسسٹنٹ ریٹرننگ اَفسران (اے آر اوز) کے ساتھ آئندہ اِنتخابات کے لئے اِنتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔سی اِی او نے ایک جامع جائزہ میں اِنتخابات سے متعلق کارروائیوں کے اِنتظامات کا جائزہ لیا، پولنگ سٹیشنوں کی آپریشنل تیاریوںاور کم سے کم یقینی سہولیت ( اے ایم ایف) کی دستیابی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔تمام شراکت داروں کو اِنتخابی عمل سے واقف کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی اور الیکشن کمیشن آف اِنڈیا ( اِی سی آئی) کے کیلنڈر اور ہدایات پر عمل پیرا ہونے پر زور دیا گیا۔پانڈورانگ کے پولے نے رائے دہندگان کی تعلیم اور اِنتخابی شرکت (سویپ) سرگرمیوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بوتھ لیول آفیسر (بی ایل او) کی سطح پر منصوبہ بندی کی تجویز دی تاکہ اہل رائے دہندگان کو ان کے حق رائے دہی کے اِستعمال کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا جاسکے۔دورانِ میٹنگ الیکشن کمیشن کی جانب سے وضع کردہ معیاری آپریٹنگ طریقۂ کار ( ایس او پیز) کے مطابق منصوبہ بندی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ کٹھوعہ، اودھمپور، ڈوڈہ اور کشتواڑ کے متعلقہ ڈِی اِی اوز، اِی آر اوز اور اے آر اوز نے اَپنے حلقہ اِنتخابی پروفائلز، اِنتخابی تیاریوں اور اَپنے علاقوں میں متعلقہ سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ایس ایس پیز کٹھوعہ، اودھمپور، ڈوڈہ اور کشتواڑ نے اَپنے علاقوں میں مختلف جغرافیائی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے سیکورٹی پلان پیش کیا۔ سی اِی او نے بغیر خوف اِنتخابات کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اَقدامات کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور تمام شراکت داروں سے آزادانہ اور منصفانہ اِنتخابات کے اِنعقاد کے لئے مشترکہ کوششوں پر بھی زور دیا۔سی اِی او جموں و کشمیر نے اَپنے اِختتامی کلمات میں کہا کہ اِنتخابی عمل زور پکڑ رہا ہے اور خطے میں جمہوری عمل کی سا لمیت کو برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔اِس موقعہ پر ڈی اِی او کٹھوعہ ڈاکٹر راکیش منہاس، ڈی اِی او اودھمپور سلونی رائے اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔