چیف الیکٹورل آفیسر جموںوکشمیر نے قومی یوم رائے دہندگان ۔ 2026 کیلئے تیاریوں کا جائزہ لیا

تفویض کردہ کاموں کی بروقت تکمیل او رمربوط کوششوں پر زور

جموں//چیف الیکٹورل آفیسر جموں و کشمیر سنجیو ورما نے قومی رائے دہندگان کی تقریب کے اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی جو 25 ؍جنوری کو منائی جائے گی۔میٹنگ میں ڈاکٹر اِنفارمیشن نتیشن راجورا، سپیشل سیکرٹری ڈاکٹر نروپا رائے، سپیشل سیکرٹری سندیش کمار گپتا، اے ڈی سی جموں ودھو شیکھر کے علاوہ جے کے اے اے سی ایل، اعلیٰ تعلیم، سکولی تعلیم، جموں یونیورسٹی، آل اِنڈیا ریڈیو، ضلعی اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران اور مسکان فاؤنڈیشن و جگر فاؤنڈیشن کے نمائندگان نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ مختلف نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں جن میں این وی ڈی رن، طلبأ کی شرکت، ٹرانسپورٹ کے اِنتظامات، قومی ترانہ، متعین مقامات پر بینرز کی تنصیب، ایس وی ای ای پی وین کے ذریعے بیداری، این وی ڈی حلف اور دیگر متعلقہ سرگرمیاں شامل تھیں۔ میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ تقریب کی ریہرسل 16 ؍جنوری کو کے ایل سہگل ہال میں منعقد کی جائے گی۔جموں یونیورسٹی کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ 24 ؍جنوری کو این وی ڈی رن کا اِنعقاد کریں، اس کے علاوہ کھیلوں کے مقابلے، ریڈیو ٹاکس اور مباحثوں کا اہتمام کریں تاکہ عام لوگوںبالخصوص طلبأ کو انتخابی و ووٹنگ کے عمل سے آگاہ کیا جا سکے۔ڈائریکٹر کالجز سے کہا گیا کہ وہ پروگرام کے آغاز اور اختتام پر پیش کئے جانے کے لئے قومی ترانہ براہِ راست تیار کریں۔ اِسی طرح جے کے اے اے سی ایل کے حکام سے کہا گیا کہ وہ تھیم پر مبنی سٹریٹ پلے، گروپ سانگ اور مصوری مقابلہ کا انتظام کریں۔مسکان فاؤنڈیشن اور جگر فاؤنڈیشن کے نمائندگان پر زور دیا گیا کہ وہ قومی یوم رائے دہندگان۔ 2026 کے موضوع پر ایک ایک گیت پیش کریں۔چیف الیکٹورل آفیسر نے اِنتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے تفویض کردہ کاموں کی بروقت تکمیل اور قومی یوم رائے دہندگان ۔2026 کی کامیاب تقریبات کے لئے مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے تمام اَفسران پر زور دیا کہ قومی تقریب کے اِنعقاد کے لئے ضروری اِنتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ قومی ووٹرز ڈے کے مقاصد حاصل کئے جا سکیں۔سی ای او نے افسران پر اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ ہم آہنگ اور مشترکہ کوششیں کریں تاکہ تمام ضروری اِنتظامات بروقت مکمل ہوں اور قومی یوم رائے دہندگان کی تقریبات خوش اسلوبی سے منعقد کی جا سکیں۔