جموں//چیف الیکٹورل آفیسرجموں و کشمیرنے اسمبلی حلقہ 77 نگروٹا اور اسمبلی حلقہ 27بڈگام کے تمام اہل شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اِنتخابی فہرستوں کی جاری سپیشل سمری رویژن میں حصہ لیں۔یہ سپیشل سمر ی رویژن عمل 8 ؍اپریل 2025 ء کو شروع ہوا تھا اور 24 ؍اپریل 2025 ء کو مکمل ہوگا۔ اَب صرف دو دن باقی رہ گئے ہیں اور تاحال حلقہ اسمبلی 27 بڈگام میں 1,069 فارم 6 اور حلقہ اسمبلی 77 نگروٹہ میں 1,575 فارم 6 موصول ہوئے ہیں۔ اِس لئے تمام وہ شہری جن کی عمر یکم؍اپریل 2025 ء تک 18 سال ہو چکی ہے اور وہ ابھی تک ووٹر کے طور پر رجسٹرڈ نہیں ہیں، ان سے ایک بار پھر درخواست کی جاتی ہے کہ 24 ؍اپریل 2025 ء سے پہلے اپنا اِندراج ضرور کریں۔ایک ووٹر کے طور پر اِندراج ایک بنیادی حق اور شہری ذمہ داری ہے جو جمہوری عمل میں شرکت کے قابل بناتا ہے ۔ شفاف اور منصفانہ اِنتخابات کے لئے درست اور تازہ ترین اِنتخابی فہرست کا ہونا نہایت ضروری ہے۔ تمام شہری جنہوں نے یکم؍اپریل 2025 ء تک 18 برس کی عمر مکمل کی ہو،حلقہ اسمبلی 77 نگروٹہ یا 27 بڈگام کے رہائشی ہوںاور ابھی تک بطور ووٹر رجسٹرڈ نہ ہوں۔ان سے پُرزور اپیل کی جاتی ہے کہ وہ درج ذیل طریقوں سے کسی ایک کو اِستعمال کرتے ہوئے رجسٹر کریں۔۱) اَپنے متعلقہ بوتھ لیول آفیسر (بی ایل او) سے رابطہ کریں۔۲) ان کے متعلقہ اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسراورتحصیلدار (اے آر او) سے رابطہ کریں۔۳) ان کے متعلقہ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر،ایس ڈی ایم،اے سی آر (اِی آر او) سے رابطہ کریں۔۴) ووٹر ہیلپ لائن ایپ یا www.eci.gov.in پر آن لائن درخواست دیں یا 1950 پر کال کریں۔شہری کو عمر اور رہائش کے ثبوت سمیت مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی ، وہ نئے ووٹر کے طور پر شامل ہونے کے لئے فارم 6 ، حذف کرنے کے لئے فارم 7 اور رہائش کی منتقلی کے لئے فارم 8 ، موجودہ داخلوں میں اصلاح ، متبادل ای پی آئی سی جاری کرنے یا معذور شخص کے طور پرنشاندہی کرنے کی درخواست کا اِستعمال کرسکتے ہیں۔اِی آر اواِس معاملے کی اہمیت پر زور دیتے ہیں اور تمام اہل شہریوں سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اِنتخابی فہرستوں میں اَپنا اِندراج یقینی بنانے کے لئے اس موقعہ سے فائدہ اُٹھائیں۔










