جموں//کھیل کے میدانوں اور کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اورمینی ٹیننس کے لئے سال 2025-26 کے دوران چھانہ پورہ حلقہ کے لئے 71.183 لاکھ روپے جاری کئے گئے ہیں۔وزیر برائے اَمورنوجوان و کھیل کود ستیش شرما نے یہ جانکاری ایوان میں قانون ساز مشتاق گورو کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے دِی۔ وزیر موصوف نے مزید ایوان کو بتایا کہ نوگام میں فصیل بندی اور نکاسی آب سمیت ایک والی بال کورٹ کی تعمیر کا کام 20 لاکھ روپے کی لاگت سے شروع کیا گیا ہے جس میں سے اَب تک 11.459 لاکھ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ نوگام پلے فیلڈ میں موجود مصنوعی والی بال کورٹ اور زیڈ پی اِی او دفتر کے گرد چین لنک فصیل بندی اور مین گیٹ کی تعمیر کے لئے 13.64 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں جن میں سے 12.36 لاکھ روپے اِستعمال ہو چکے ہیں۔اُنہوں نے کہا،’’باقی ماندہ رقم نوگام سری نگر میں زیڈ پی ای او دفتر کی تعمیر کے لئے مختص ہے۔‘‘وزیر اَمورِ نوجوان و کھیل کود نے ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حلقے میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈ کرنے کے لئے دیگر مختلف منصوبوں کے لئے ڈی پی آر ز تیار کئے گئے ہیں اور انہیں مستقبل قریب میں شروع کیا جائے گا۔










