سرحدی آبادی کو ہمیشہ امن، چین اور سکون کی زندگی گزارنے کا موقعہ فراہم کیا جانا چاہئے/ڈاکٹر فاروق
سرینگر // چکن دا باغ پونچھ میں ہند و پاک فوجوں کے درمیان برگیڈیئر سطح کی میٹنگ کا خیر مقدم کرتے ہوئے صدرِ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ افہام و تفہیم اور بات چیت کے ذریعے ہی سرحدوں پر امن و امان کا ماحول قائم و دائم رہ سکتا ہے اور سرحدی آبادی امن، چین، اور سکون کیساتھ اپنی زندگی گذار سکتے ہیں۔سی این آئی کے مطابق انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے افواج کے درمیان اس طرح کی فلیگ میٹنگوں کا انعقاد ایک معمول ہونا چاہئے اور طرفین کے وقفے وقفے ایسی میٹنگوں کے ذریعے سرحدوں پر امن کا ماحول برقرار رکھنے کیلئے انعقاد کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی آبادی کو ہمیشہ امن، چین اور سکون کی زندگی گزارنے کا موقعہ فراہم کیا چاہئے کیونہ وہ اس کا حق رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ ہند و پاک کی دوستی اور دونوں مالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو برصغیر میں پائیدار اور دیرپا امن کی ضمانت قرار دیتی آئی ہے اور دونوں ملکوں کو ہر وقت آپسی رشتے بہتر بنانے کی اپیل کرتی آئی ہے۔ مرحوم شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ نے کہا تھا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دوستی دونوں ممالک کی مضبوطی اور آزادی کی ضمانت اور جموں وکشمیر کے عوام کیلئے بھی یہی سود مند ہے۔ انہوں نے کہاکہ مجھے اُمید رہے کہ دونوں ممالک نہ صرف سرحدوں پر بلکہ سیاسی اور سفارتی سطح پر بھی آپسی تعلقات بہتر بنانے کیلئے اقدامات کریں گے تاکہ خطے میں پائیدار اور دیر امن ، ترقی اور خوشحالی کا دور دورئہ یقینی بناجائے۔










