اتوار کی سہ پہر سے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری
سرینگر//محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے عین مطابق اتوار کو سہ پہر کے وقت سرینگر سمیت وادی کے میدانی علاقوںمیں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی ۔ اس دوران اگلے چوبیس گھنٹوں میں مزید برفباری اور بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 3فروری تک موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ برفباری اور بارش ہوسکتی ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق چلہ کلاں کے آخری دنوں میں وادی میں بارش اور برفباری ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں اتوار کی سہ پہر سے برفباری شروع ہوئی جو کہ محکمہ موسمیات کے مطابق 29نومبر تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ 30اور 31جنوری تک موسم کی صورتحال یہی رہے گا۔ سرینگر سمیت میدانی علاقوں میں بارش کے ساتھ ہی کشمیر ڈویژن کے بالائی علاقوں بشمول کپواڑہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ، گاندربل، شوپیان، اننت ناگ اور کولگام اضلاع میں برف باری شروع ہوئی جبکہ گلمرگ ، سونہ مرگ ، افر وٹ ، سمتھن ٹاپ اور پہلگام کے علاقوں میں برفباری دیکھی گئی ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے کہا کہ 30-31 جنوری تک جموں و کشمیر میں کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش یا برفباری کا امکان ہے جبکہ یکم فروری اور2فروری شام کے بعد اور تین فروری کو بھاری برفباری ہوسکتی ہے ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے کہا کہ جموں ڈویژن کے میدانی علاقوں میں 28 جنوری (رات) سے 31 جنوری (دوپہر) تک وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ اونچائی پر ہلکی برفباری اور کہیں کہیںپر اونچی جگہوں پر درمیانی برف باری کا امکان ہے۔اس نے ایک ایڈوائزری بھی جاری کی ہے کہ موسمی نظام کی وجہ سے اونچی رسائی اور اہم گزرگاہوں بشمول سنتھن پاس، مغل روڈ، سادھنا اور رازدان پاس، زوجیلا، وغیرہ پر سڑکیں عارضی طور پر بند ہوسکتی ہیں، خاص طور پر 28 سے 31 جنوری تک مذکورہ علاقوں میں بھاری برفباری کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل متاثر رہے گی ۔ کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ آبپاشی اور کھاد کے استعمال کو روکیں اور گیلے موسم کے دوران باغات اور کھیتوں سے اضافی پانی نکال دیں۔ اس نے کہا کہ اس مدت کے دوران دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔ادھر سرینگر میں اتوار کو معمول سے 4.3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ کم درجہ حرارت -1.0 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سری نگر میں گزشتہ روز کم از کم درجہ حرارت 13.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو اس موسم کے دوران معمول سے 5.8 سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ وادی کے دیگر اسٹیشنوں میں بالترتیب قاضی گنڈ -0.6 سی، پہلگام -0.8 سینٹی گریڈ، کپواڑہ 2.1 سینٹی گریڈ، کوکرناگ -0.1 سینٹی گریڈ اور گلمرگ -3.5 سینٹی گریڈ تھا۔










