چلہ کلان کی رخصتی کے ساتھ وادی میں سردی کی شدت میں کمی

چلہ کلان کی رخصتی کے ساتھ وادی میں سردی کی شدت میں کمی

چلہ خورد کی آمد پریکم فروری سے نیا مغربی نظام متوقع،سرینگر جموںشاہراہ بحال

سرینگر// یو این ایس// چالیس روزہ شدید سردی کے دورانیے چلہ کلان کے اختتام کے ساتھ ہی کشمیر وادی میں کم سے کم درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے عوام کو سخت سردی سے جزوی راحت ملی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کے بیشتر علاقوں میں رات کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر رہا۔یو این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ یکم اور 2 فروری کو ایک نیا مغربی نظام جموں و کشمیر کو متاثر کرنے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں ہلکی سے معتدل بارش اور برف باری متوقع ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں تازہ برف جمع ہو سکتی ہے۔ موسمی نظام کے گزرنے کے بعد 3 فروری سے موسم میں بہتری اور جزوی طور پر ابر آلود آسمان متوقع ہے۔20دن پر محیط چلہ خورد آج سے جلواہ افروز ہوگا جس کی آمد کے ساتھ ہی ایک بار پھر وادی میں برفباری کا امکان ہے۔سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ شب کے منفی 0.6 ڈگری کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے اور موسمی اوسط سے 2.2 ڈگری زیادہ ہے۔ اسی طرح کونی بل (1.0)، پلوامہ (0.1) اور کولگام1.1 ڈگری میں بھی درجہ حرارت صفر سے اوپر رہا، جبکہ بیشتر موسمیاتی مراکز میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سونہ مرگ جموں و کشمیر کا سرد ترین مقام رہا، جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.6 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا۔ گلمرگ میںمنفی 9 ڈگری جبکہ پہلگام میں منفی 5.3 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.3،کوکرناگ میں منفی 0.6 اورکپواڑہ میں منفی 3.1 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔واضح رہے کہ چلہ کلان کا آغاز 21 دسمبر کو ہوا تھا، جس دوران بالائی علاقوں میں کئی مرتبہ اچھی برف باری ہوئی، جبکہ میدانی علاقوں بشمول سرینگر میں ہلکی سے معتدل برف باری ریکارڈ کی گئی۔ چلہ کلان کے اختتام کے ساتھ اب 20 روزہ چلہ خرد کا آغاز ہو گیا ہے، جس کے بعدچلہ بچہ کا دس روزہ دورانیہ آئے گا۔دریں اثنا،جموں،سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک دونوں جانب سے معمول کے مطابق بحال ہے۔ حکام کے مطابق ہلکی اور بھاری دونوں اقسام کی گاڑیاں شاہراہ پر چلنے کی اجازت کے ساتھ رواں دواں ہیں، تاہم بعض مقامات پر پھسلن کے باعث ڈرائیوروں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مغل روڈ بدستور ٹریفک کے لیے بند ہے۔موسمی پیش گوئی کے پیش نظر حکام نے مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کو مشورہ دیا ہے کہ سفر سے قبل ٹریفک حکام سے سڑکوں کی صورتحال معلوم کریں، خصوصاً پہاڑی اور بین الضلعی راستوں پر۔ بالائی اور برف پوش علاقوں کے رہائشیوں کو پھسلن اور برفانی تودوں کے خدشے کے پیش نظر غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کی ہدایت دی گئی ہے۔