مرکزی محکمہ موسمیات کی بارش و برفباری کی پیشگوئی، وادی میں پہلی برفباری کا امکان
سرینگر//یواین ایس// چلہ کلان کی الٹی گنتی کا آغاز ہوچکا ہے اور صرف آخری چند روز باقی ہے،تاہم حسب روایٹ جاتے جاتے چلہ کلان اپنی موجودگی کا بھر پور احساس دلاتے ہوئے برفباری کے ساتھ وداع ہوگا۔کشمیر میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور بیشتر علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت صفر سے نیچے چلا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 22 سے 28 جنوری کے دوران دو مغربی ہوائی سلسلے خطے کو متاثر کریں گے، جس کے نتیجے میں وسیع پیمانے پر بارش اور برفباری متوقع ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس ہفتے میدانی علاقوں بشمول سرینگر میں بھی موسم سرما کی پہلی برفباری ہوسکتی ہے۔یو این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق 22 تا 24 جنوری اور پھر 26 تا 28 جنوری دو مغربی ہوائی سلسلے جموں و کشمیر کو متاثر کریں گے، جن کے باعث ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر شدید برفباری بھی ہوسکتی ہے۔ اہم موسمی سرگرمی 23 اور 27 جنوری کے آس پاس متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورتحال پر نظر رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خصوصاً پہاڑی اور برفباری والے علاقوں میں احتیاط برتیں۔فی الحال وادی کشمیر شدید سردی کے دورانیے ’چلہ کلان‘**میں داخل ہے، جو 21 دسمبر سے شروع ہو کر 30 جنوری تک جاری رہتا ہے۔ اس عرصے کے دوران شدید سردی اور برفباری کے امکانات سب سے زیادہ ہوتے ہیں۔ اگرچہ بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری ہوچکی ہے، تاہم وادی کے میدانی علاقے تاحال برف سے محروم رہے ہیں۔کشمیر بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے اور بیشتر علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا گیا ہے۔ کشمیر ویدر کی جانب سے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق وادی کا سرد ترین مقام سونمرگ رہا جہاں درجہ حرارت منفی 6.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔یو این ایس کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.4 ڈگری سیلسیس رہا جبکہ سرینگر ایئرپورٹ پر پارہ مزید گر کر منفی 4.4 ڈگری تک پہنچ گیا۔ گلمرگ اور پلوامہ میں منفی 5.5 ڈگری، پہلگام میں منفی 4.4 ڈگری جبکہ پمپور، اننت ناگ اور بڈگام میں درجہ حرارت تقریباً منفی 4.5 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہا۔شمالی کشمیر کے علاقوں میں کپواڑہ میں منفی 1.2، بارہمولہ میں منفی 2.1 اور بانڈی پورہ میں منفی 2.9 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ کوکرناگ اور کulgام نسبتاً گرم رہے جہاں درجہ حرارت بالترتیب 0.6 اور 1.5 ڈگری سیلسیس رہا۔جنوبی کشمیر کے قصبوں شوپیان میں منفی 4.8 اور پلوامہ میں منفی 5.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ قاضی گنڈ میں درجہ حرارت منفی 2.3 ڈگری جبکہ کوکرناگ میں منفی 0.6 ڈگری رہا۔جموں خطے میں جموں شہر اور کٹرہ میں کم سے کم درجہ حرارت 7.4 ڈگری سیلسیس جبکہ جموں ایئرپورٹ پر 7.6 ڈگری درج ہوا۔ بانیہال اور بھدرواہ میں منفی درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جہاں پارہ بالترتیب منفی 1.6 اور منفی 1.2 ڈگری رہا۔ ادھمپور میں 0.8، راجوری میں 0.6 اور سامبا میں 0.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ ہوا۔لداخ خطے میں لیہہ میں درجہ حرارت منفی 9.0 ڈگری جبکہ ہانلے سب سے سرد مقام رہا جہاں پارہ منفی 13.3 ڈگری سیلسیس تک گر گیا۔










